Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

10 روپے کے نوٹ کی بندش کی خبر بے بنیاد، اسٹیٹ بینک نے وضاحت جاری کردی


اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے سوشل میڈیا پر 10 روپے کے بینک نوٹ کی مبینہ بندش اور اسے تبدیل کرانے کی آخری تاریخ سے متعلق گردش کرنے والی رپورٹس کو واضح طور پر بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق 10 روپے کے نوٹ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں اور ان کی کوئی بنیاد نہیں ہے۔ مرکزی بینک نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی مالیت کے نوٹ کو تبدیل کرنے یا اس کی گردش بند کرنے سے متعلق فی الحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ نئے بینک نوٹوں کی سیریز متعارف کرانے کے لیے ایک تجویز وفاقی کابینہ کو پیش کی گئی ہے، جس پر اس وقت غور جاری ہے۔ یہ معاملہ ابھی زیرِ غور ہے اور کسی بھی مالیت کے موجودہ بینک نوٹ کو تبدیل یا بند کرنے کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ مرکزی بینک کے مطابق اگر مستقبل میں کسی بینک نوٹ کی تبدیلی یا اس کی بندش سے متعلق کوئی فیصلہ کیا گیا تو اس سے عوام کو باضابطہ طور پر سرکاری ذرائع کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اگر کسی نوٹ کی گردش بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو عوام کو اسے تبدیل کرانے کے لیے مناسب وقت بھی دیا جائے گا۔ اسٹیٹ بینک نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ 10 روپے کے نوٹ یا کسی بھی دوسرے بینک نوٹ سے متعلق معلومات کے لیے صرف اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ سرکاری اعلانات اور اطلاعات پر انحصار کریں اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ رپورٹس پر بھروسہ نہ کریں۔