Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

فیول سبسڈی اسکیم سے 75 لاکھ شہری فائدہ اٹھا چکے ہیں، وزیراعظم

PM-Shehbaz-Sharif

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت پرائم منسٹرفیول ریلیف سکیم کی پیشرفت کا جائزہ اجلاس ہوا جس دوران شہبازشریف نے کہا کہ سکیم کےتحت موٹرسائیکل،رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑی مالکان کو سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔

وزیراعظم نے پیٹرولیم کی بڑھتی قیمتوں کے تناظر میں متوسط طبقے کو ریلیف کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ حکومت کے بروقت اقدامات سے شہری فیول سبسڈی سے مستفید ہو رہے ہیں، 15 ستمبر سے اب تک کے75 لاکھ سے زائد شہریوں کا ریلیف سکیم سے مستفید ہونا باعث اطمینان ہے۔

شہبازشریف نے فیول سبسڈی سکیم پر عملدرآمد میں پوری حکومتی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سکیم پوری حکومتی مشینری کے مؤثر،مربوط تعاون اور مشترکہ کاوشوں کی بہترین مثال ہے۔

وزیراعظم نے نائب وزیراعظم،وزیر آئی ٹی،وزیراطلاعات،وزیر اقتصادی امور،وزیر خزانہ اور اوگراکی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سکیم کے ذریعے تیار مستحکم ڈیٹا بیس مستقبل میں بھی شہریوں کی معاونت کیلئے استعمال کیا جائے گا۔

اجلاس میں وزیراعظم کو فیول سبسڈی سکیم کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا، بریفنگ میں بتایا گیا کہ پیٹرول سبسڈی سکیم کے تحت اب تک 84 لاکھ سے زائد افراد رجسٹرڈ،75 لاکھ سے زائد شہری مستفید ہو چکے ہیں، سبسڈی کے جاری کردہ ایک کروڑ 22 لاکھ ٹوکنز میں سے ایک کروڑ 3 لاکھ ٹوکنز استعمال ہو چکے ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ 15 ستمبر سے آغاز کے بعد یہ سکیم اب تیسرے ہفتے میں داخل ہو رہی ہے،پہلی اور دوسری مرتبہ فیول سبسڈی حاصل کرنے والے شہری اب اگلے ہفتےکی سبسڈی حاصل کر سکیں گے، ملک بھر کے 129 اضلاع میں پیٹرول سبسڈی سکیم پر عملدرآمد جاری ہے۔

تمام پیٹرول پمپس شہریوں کو فیول سبسڈی سکیم کے تحت سہولت فراہم کر رہے ہیں، شہریوں اور پیٹرول پمپس مالکان کی رہنمائی کیلئے 24 گھنٹے فعال کال سینٹرقائم ہے، وزیراعظم آفس کا پبلک افیئرز یونٹ اور عوامی نمائندے شہریوں کی رجسٹریشن میں معاونت کر رہےہیں۔