Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ڈیرہ غازی خان: سموگ کی روک تھام کے لیے آگاہی مہم کا آغاز

SMog
مصنف:


ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن ’’ستھرا پنجاب‘‘ پروگرام کے تحت پنجاب بھر کی طرح ڈیرہ غازی خان میں بھی سموگ کی روک تھام اور شہریوں کو اس کے مضر اثرات سے آگاہ کرنے کے لیے خصوصی آگاہی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان عثمان خالد کی سخت اور واضح ہدایات کی روشنی میں ستھرا پنجاب ایجنسی کی جانب سے سموگ کے تدارک کے لیے آگاہی سرگرمیوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے افسران کی نگرانی میں ورکرز مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ شہریوں کو صاف اور آلودگی سے پاک ماحول کی اہمیت کے بارے میں بھی آگاہ کر رہے ہیں۔

سموگ فضائی آلودگی کی ایک خطرناک شکل ہے جو انسانی صحت کو بری طرح متاثر کر سکتی ہے۔ اس کے باعث سانس لینے میں دشواری، کھانسی، گلے میں خراش، آنکھوں میں جلن اور پانی آنا، الرجی اور دیگر صحت کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، جبکہ دمہ اور سانس کے مریضوں کے لیے اس کے اثرات زیادہ سنگین ہو سکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق سموگ سے بچاؤ کے لیے شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، بالخصوص سموگ کی شدت کے اوقات میں احتیاط کریں۔ باہر نکلتے وقت معیاری ماسک کا استعمال کریں، آنکھوں کو دھوئیں اور گردوغبار سے محفوظ رکھیں، موٹر سائیکل سوار اور پیدل چلنے والے شہری خصوصی احتیاط کریں، گھروں اور دفاتر میں کھڑکیاں اور دروازے مناسب اوقات میں بند رکھیں اور بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کو سموگ کے دوران غیر ضروری طور پر باہر نہ جانے دیں۔

شہری فصلوں کی باقیات، کوڑا کرکٹ، پلاسٹک اور دیگر مواد کو کھلے عام جلانے سے گریز کریں، کیونکہ دھواں اور فضائی آلودگی سموگ میں اضافے کا اہم سبب بنتے ہیں۔ گاڑیوں کے دھوئیں اور دیگر آلودگی کے ذرائع کو کم کرنا بھی سموگ کے تدارک کے لیے نہایت ضروری ہے۔

ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے ورکرز اپنے افسران بالا کی نگرانی میں مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی، کوڑا کرکٹ کی بروقت منتقلی اور زیرو ویسٹ پالیسی پر عملدرآمد کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں تاکہ شہریوں کو صاف، صحت مند اور آلودگی سے پاک ماحول فراہم کیا جا سکے۔

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سموگ کی روک تھام صرف حکومت یا اداروں کی نہیں بلکہ ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ عوام صفائی کا خیال رکھیں، کوڑا نہ جلائیں، غیر ضروری دھوئیں سے بچیں اور سموگ سے متعلق احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے ایک صاف، صحت مند اور محفوظ پنجاب کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔