ڈی جی خان، انٹرمیڈیٹ پارٹ سیکنڈ کے نتائج کا اعلان

ڈیرہ غازی خان باغی ٹی وی
( نیوز رپورٹر شاہد خان)
بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیرہ غازی خان کے زیر اہتمام انٹرمیڈیٹ پارٹ سیکنڈ و کمبائنڈ فرسٹ اینول امتحان 2026 کے نتائج کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں بورڈ آفس میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر عبدالرؤف نے نتائج کا اعلان کیا۔
تقریب کے مہمانانِ خصوصی کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری اور رکن پنجاب اسمبلی اسامہ عبد الکریم تھے جبکہ وائس چانسلر غازی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد چٹھہ نے بطور مہمانِ اعزاز شرکت کی۔ تقریب میں سیکرٹری بورڈ عبدالرحمن چوہدری، کنٹرولر امتحانات پروفیسر محمد مظفر حسین، چیف ایگزیکٹو آفیسرز، بورڈ ممبران، بی او جی ممبران، بورڈ افسران و ملازمین، پوزیشن ہولڈرز طلباؤ طالبات، والدین، اساتذہ اور دیگر معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کے بعد سیکرٹری بورڈ عبدالرحمن چوہدری نے معزز مہمانوں، والدین، اساتذہ اور طلباؤ طالبات کو خوش آمدید کہا۔ کنٹرولر امتحانات پروفیسر محمد مظفر حسین نے شرکاء کو امتحانات کے انعقاد اور نتائج کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔بورڈ کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق انٹرمیڈیٹ پارٹ سیکنڈ و کمبائنڈ فرسٹ اینول امتحان 2026 میں کل 59 ہزار 243 امیدواران نے شرکت کی جن میں سے 43 ہزار 332 امیدوار کامیاب قرار پائے۔ امتحانات میں مجموعی کامیابی کا تناسب 73.14 فیصد رہا۔ طلباء کی کامیابی کا تناسب 63.85 فیصد جبکہ طالبات کی کامیابی کا تناسب 82.55 فیصد رہا۔ضلع وار نتائج کے مطابق کوٹ ادو میں کامیابی کا تناسب 77.32 فیصد، مظفرگڑھ میں 77.02 فیصد، لیہ میں 72.64 فیصد، تونسہ شریف میں 69.82 فیصد، ڈیرہ غازی خان میں 69.56 فیصد جبکہ راجن پور میں کامیابی کا تناسب 67.15 فیصد رہا۔تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری نے کامیاب طلباؤ طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان کسی بھی معاشرے کا قیمتی سرمایہ اور مستقبل کی امید ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ کردار سازی، نظم و ضبط اور قومی ذمہ داریوں پر بھی خصوصی توجہ دیں تاکہ وہ مستقبل میں ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں
۔اس موقع پر چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر عبدالرؤف نے کامیاب ہونے والے تمام طلباؤ طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی کامیابی ان کی محنت، اساتذہ کی رہنمائی اور والدین کی دعاؤں کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کی اولین ترجیح امتحانات کے پورے عمل کو شفاف، منصفانہ اور میرٹ پر مبنی بنانا ہے۔چیئرمین بورڈ نے کہا کہ کامیاب طلبہ اپنی محنت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اعلیٰ تعلیم اور روشن مستقبل کی جانب قدم بڑھائیں جبکہ مطلوبہ نتائج حاصل نہ کرنے والے طلبہ مایوس ہونے کے بجائے اپنی کمزوریوں کا جائزہ لیں اور مزید محنت کے ذریعے آئندہ بہتر نتائج حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے پوزیشن ہولڈرز کو خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی میدان میں حاصل ہونے والی کامیابی طلبہ کے ساتھ ساتھ ان کے والدین، اساتذہ اور تعلیمی اداروں کے لیے بھی باعثِ فخر ہے۔
رکن پنجاب اسمبلی اسامہ عبد الکریم نے بھی کامیاب طلباؤ طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ملک و قوم کا مستقبل ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو تعلیم اور مثبت سرگرمیوں کے ذریعے نکھاریں اور انہیں ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے بروئے کار لائیں۔وائس چانسلر غازی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد چٹھہ نے کامیاب طلباؤ طالبات، والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انٹرمیڈیٹ کے بعد طلبہ کی زندگی میں اعلیٰ تعلیم کا ایک نیا مرحلہ شروع ہوتا ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مثبت، تعمیری اور تحقیقی سرگرمیوں کے لیے استعمال کریں اور مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ علم، قابلیت اور کردار کے ذریعے کریں۔تقریب کے اختتام پر پوزیشن ہولڈرز میں کیش پرائزز، اعزازات اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ کامیاب طلباؤ طالبات، والدین اور اساتذہ نے نتائج کے اعلان پر خوشی کا اظہار کیا جبکہ تقریب میں تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی بھی کی
مزید پڑھیں





