Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

قومی کرکٹر فاطمہ ثنا کابگ بیش لیگ سے معاہدہ طے پا گیا


پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے آئندہ ویمنز بگ بیش لیگ کے لیے آسٹریلوی کلب پرتھ سکارچرز کے ساتھ ایک سالہ معاہدہ کر لیا ہے۔


آسٹریلوی کلب کی جانب سے ہفتے کے روز کیے گئے اعلان کے بعد فاطمہ اس میگا ایونٹ میں شرکت کرنے والی دوسری پاکستانی کرکٹر بن گئی ہیں-


کلب کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق 24 سالہ آل راؤنڈر 29 اکتوبر سے شروع ہونے والے ڈبلیو بی بی ایل کے 12ویں ایڈیشن کے ابتدائی 8 میچز کے لیے پرتھ سکارچرز کو دستیاب ہوں گی،ان کے قیام کی مدت میں توسیع بھی ممکن ہے، تاہم اس کا انحصار پاکستان کرکٹ بورڈ کی اجازت پر ہوگا۔


اگر بورڈ انہیں دسمبر میں ویسٹ انڈیز کے متوقع دورے سے قبل لگنے والے ٹریننگ کیمپ میں شرکت سے استثنیٰ دیتا ہے، تو وہ لیگ میں مزید میچز کھیل سکیں گی۔

اس معاہدے کے ساتھ ہی فاطمہ ثنا ویمنز بگ بیش لیگ میں کھیلنے والی دوسری پاکستانی کھلاڑی بن گئی ہیں ان سے قبل سابق کپتان ندا ڈار نے 2019 کے ایڈیشن میں سڈنی تھنڈر کی نمائندگی کرتے ہوئے 11 میچز کھیلے تھے جبکہ فاطمہ ثنا کے لیے رواں سال کسی غیر ملکی ٹی 20 لیگ میں یہ دوسری شرکت ہے اس سے قبل وہ ’دی ہنڈریڈ‘ ٹورنامنٹ میں برمنگھم فینکس کی جانب سے بھی ایکشن میں نظر آ چکی ہیں۔


https://x.com/WBBL/status/2106278215958647196?s=20


پرتھ اسکارچرز کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں فاطمہ ثنا نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’میں ہمیشہ پاکستان سے ڈبلیو بی بی ایل دیکھتی تھی اور سوچتی تھی کہ اس شاندار ٹورنامنٹ کا حصہ بننا کیسا محسوس ہوتا ہوگا،’اب اسکارچرز کی جرسی پہننا، اتنے شاندار کلب کی نمائندگی کرنا اور واکا گراؤنڈ میں مداحوں کے سامنے اترنا میرے لیے ایک انتہائی خاص لمحہ ہے،اپنے وطن سے مداحوں کی جانب سے ملنے والی حمایت اس تجربے کو مزید یادگار بناتی ہے، یہ واقعی ایک خواب کے سچ ہونے جیسا ہے-


پرتھ اسکارچرز کے جنرل مینیجر کیڈ ہاروی نے پاکستانی کپتان کی ٹیم میں شمولیت کا شاندار الفاظ میں خیرمقدم کیا ہے انہوں نے فاطمہ کو ’عالمی کرکٹ کی انتہائی پرجوش اور ابھرتی ہوئی نوجوان آل راؤنڈرز میں سے ایک‘ قرار دیا، کلب کی انتظامیہ اور شائقینِ کرکٹ مشہور واکا گراؤنڈ میں فاطمہ ثنا کی شاندار کارکردگی دیکھنے کے لیے بے تابی سے منتظر ہیں۔