Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

نئی دہلی: احتجاج سے قبل کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی گرفتار

مصنف:

نئی دہلی: بھارت میں چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کے مطالبے پر احتجاج سے قبل پولیس نے کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے کو حراست میں لے لیا۔

کاکروچ جنتا پارٹی کے مطابق ابھیجیت دیپکے ممبئی سے نئی دہلی پہنچے تو ایئرپورٹ پر پولیس اہلکاروں نے ان سے ملاقات کی اور انہیں جنتر منتر پر احتجاج منسوخ کرنے کو کہا۔دوسری جانب بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کے مطالبے پر نوجوانوں کی سیاسی تحریک کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاج سے قبل ہزاروں پولیس اور نیم فوجی اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق حکام نے جنتر منتر پر احتجاج کی اجازت دینے سے انکار کر دیا، جبکہ 57 میٹرو اسٹیشن بند، طویل فاصلے کی متعدد ٹرینیں منسوخ اور احتجاجی مقام کے چار کلومیٹر کے دائرے میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے صورتِ حال کے پیشِ نظر بعض ٹرینیں چلانے کی ہدایت بھی کی ہے۔کاکروچ جنتا پارٹی کا دعویٰ ہے کہ ملک بھر میں احتجاج سے قبل ہی کم از کم 10 ہزار افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار ووٹر فہرستوں پر نظرِثانی کے دوران 13 کروڑ سے زائد نام خارج کیے جانے کے معاملے پر استعفیٰ دیں۔

دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور الیکشن کمیشن نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹر فہرستوں پر نظرِثانی کا مقصد دہری رجسٹریشن اور نااہل ووٹروں کے نام خارج کرنا تھا، جبکہ ناقدین کا مؤقف ہے کہ اس عمل سے اقلیتی اور پسماندہ برادریاں متاثر ہوئیں۔بھارتی ٹی وی کے مطابق احتجاج میں شدت انڈین ایکسپریس کی اس رپورٹ کے بعد آئی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کے دو نائبین نے گزشتہ 10 ماہ کے دوران نظرِثانی کے عمل پر کم از کم 14 مرتبہ تحفظات کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ کاکروچ جنتا پارٹی کی تحریک کا آغاز مئی میں اس وقت ہوا جب چیف جسٹس سوریا کانت نے بے روزگار نوجوانوں کے لیے ’کاکروچ‘ کا لفظ استعمال کیا تھا۔جولائی میں ہونے والے احتجاج کے بعد امتحانی پرچوں کے افشا ہونے کے معاملے پر بھارتی وزیرِ تعلیم مستعفی ہو گئے تھے۔ حالیہ مظاہرے 2027 کے آغاز میں ہونے والے متعدد ریاستی انتخابات سے قبل ہو رہے ہیں، جن میں اتر پردیش بھی شامل ہے۔