کراچی:گڈاپ فارم ہاؤس چوری کیس:مرکزی ملزم کے دو سگے بھائی گرفتار

گزشتہ ہفتے گڈاپ کے علاقے میں قائم فارم ہاؤس میں ملازمت کے لیے لائی گئی لڑکیوں سے موبائل فون چوری میں ملوث مرکزی ملزم کے دو سگے بھائیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کے مطابق مرکزی ملزم کی لوکیشن بھی ٹریس کرلی گئی، واقعے کے بعد ملزم کے اصل موبائل نمبر کی لوکیشن گوجرانوالہ سے ٹریس ہوئی، مرکزی ملزم کے چار بھائیوں میں سے دو کو حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس نے زیر حراست بھائیوں کی مدد سے مرکزی ملزم سے فون پر گفتگو بھی کی، فون پر گفتگو میں ملزم نے اپنی موجودگی کشمیر میں ظاہر کی،پولیس کا دعویٰ ہے کہ مرکزی ملزم کو جلد گرفتار کرلیا جا ئے گا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل کراچی میں موبائل فون چوری کرکے فرار ہونے کی انوکھی واردات پیش آئی تھی جس میں ایونٹ آرگنائزر ملازمت کے لیے بلائی گئی 50 سے زائد خواتین کے درجنوں موبائل فونز لے کر فرار ہوگیا۔
فارم ہاؤس کے منیجر اشعر انصاری نے ویڈیو بیان میں بتایا تھاکہ میرے فارم ہاؤس پر ایک بکنگ ہوئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ کو آپریٹو اسٹاف میں 50 سے 55 خواتین ہوں گی،بکنگ وقاص نامی شخص نے کرائی تھی جو کہ فارم پر نہیں آیا تھا تاہم فارم پر آصف یا سلمان نام کا لڑکا آیا تھا اور ان کے ساتھ ایک لڑکی بھی تھی ، شام کو 5 بجے میں نے ادائیگی کرنے کا کہا جب کہ انہوں ڈیکوریشن کا سامان بھی لیا تھا اور میرا بل بھی زیادہ تھا جس پر میں نے اسے میسج کیا تو انہوں نے کہا کہ میں پہنچنے والا ہوں جس پر میں نے کیئر ٹیکر سے کہا کہ وہ پہنچنے والے ہیں ان سے ادائیگی کرو ان کا وقت پورا ہوگیا ہے۔
متاثرہ خواتین میں سے ایک لڑکی نے اپنے ویڈیو بیان بتایاتھا کہ ہمیں نوکری کا جھانسہ دے کر بلایا گیا ، اس دوران سلمان کی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی جس میں وہ گاڑی میں بیٹھی خواتین کو گائیڈ کرتا نظر آرہا ہے۔
مزید پڑھیں





