Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ہالی وڈ فلم ساز ہاروی وائن اسٹائن کو 15 سال قید کی سزا

مصنف:

نیویارک: ہالی وڈ کے معروف فلم ساز ہاروی وائن اسٹائن کو جنسی زیادتی کے مقدمے میں 15 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔ ہاروی وائن اسٹائن پر 80 سے زائد خواتین نے جنسی زیادتی اور ہراسانی کے الزامات عائد کیے تھے۔


74 سالہ ہاروی وائن اسٹائن پر اپنی ہالی وڈ پروڈکشن اسسٹنٹ مریم ہیلی کو 2006 میں جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا الزام تھا۔ ایک سال قبل اس مقدمے میں ان کا جرم ثابت ہو گیا تھا، تاہم انہوں نے صحتِ جرم سے انکار کیا تھا۔سزا سنانے والے جج کرٹس فاربر نے فیصلہ سنانے سے قبل ہاروی وائن اسٹائن کی سخت سرزنش کی۔ جج نے ریمارکس دیے کہ وائن اسٹائن کو ان کے جرائم کے ساتھ ساتھ ’می ٹو‘ مہم کے حوالے سے بھی یاد رکھا جائے گا۔



ہاروی وائن اسٹائن کو 2020 میں بھی جنسی زیادتی کے دو مقدمات میں مجموعی طور پر 23 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، تاہم 2024 میں اپیل کورٹ نے ان کی سزا کالعدم قرار دے دی تھی۔


ہاروی وائن اسٹائن کے خلاف جنسی زیادتی اور ہراسانی کے الزامات سامنے آنے کے بعد ہالی وڈ سمیت دنیا بھر میں ’می ٹو‘ مہم نے زور پکڑا۔ اکتوبر 2017 میں نیویارک ٹائمز کی ایک تحقیقاتی رپورٹ میں ان کے خلاف الزامات منظرِ عام پر آئے، جس کے بعد متعدد خواتین نے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعات بیان کیے۔ان خواتین میں ہالی وڈ کی صفِ اول کی اداکارائیں انجیلینا جولی، سلمیٰ ہائیک، گائینتھ پیلٹرو، ایشلے جڈ، روز میک گوئن اور ہیتھر گراہم بھی شامل تھیں۔’می ٹو‘ مہم کے تحت دنیا بھر میں خواتین، خصوصاً شوبز سے وابستہ شخصیات نے طاقتور اور اہم عہدوں پر فائز مردوں کی جانب سے مبینہ جنسی ہراسانی کے خلاف آواز اٹھائی اور اپنے تجربات بیان کیے۔


ہاروی وائن اسٹائن کے خلاف اکتوبر 2017 میں الزامات سامنے آنے کے بعد ان کے فلمی کیریئر کو شدید دھچکا پہنچا۔ انہیں اپنی فلم ساز کمپنی کے بورڈ سے نکال دیا گیا، جبکہ ہالی وڈ میں بھی ان کے لیے دروازے بند ہونے لگے۔جنسی ہراسانی کے الزامات کے بعد آسکر ایوارڈز دینے والے ادارے ’دی اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز‘ نے بھی ان کی رکنیت معطل کر دی تھی۔ہاروی وائن اسٹائن کے خلاف الزامات اور ان کے مقدمات نے فلمی صنعت میں جنسی ہراسانی کے معاملات کو عالمی سطح پر موضوعِ بحث بنا دیا، جبکہ ’می ٹو‘ مہم نے خواتین کو اپنے ساتھ ہونے والی زیادتیوں اور ہراسانی کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے ایک عالمی پلیٹ فارم فراہم کیا۔

رسائی کے اختیارات

Size: NORMAL