کیٹی زکریا وائٹ ہاؤس کی نئی پریس سیکرٹری نامزد، امریکی میڈیا

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی میں مختصر عرصے تک خدمات انجام دینے والی قدامت پسند مبصر کیٹی زکریا کو وائٹ ہاؤس کی نئی پریس سیکرٹری منتخب کر لیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کیٹی زکریا کیرولین لیوٹ کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گی، جنہوں نے اگست میں اس عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔کیٹی زکریا کی لنکڈ اِن پروفائل کے مطابق وہ اس وقت ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ میں کمیونیکیشن ایڈوائزر کے طور پر کام کر رہی ہیں۔ یہ ادارہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل کا انتظام سنبھالتا ہے۔کیٹی زکریا اس سے قبل محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کی اُس وقت کی سیکرٹری کرسٹی نوم کی ترجمان کے طور پر بھی مختصر عرصے کے لیے خدمات انجام دے چکی ہیں۔ وہ قدامت پسند میڈیا پر بطور مہمان بھی شرکت کرتی رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کیٹی زکریا کیلیفورنیا میں مقیم ہیں اور انہوں نے ٹرمپ کے اتحادی رک گرینل کی قائم کردہ غیر منافع بخش تنظیم ’’فکس کیلیفورنیا‘‘ کے ساتھ بھی کام کیا ہے، جو ریاست میں قدامت پسند ایجنڈے کے فروغ کے لیے سرگرم ہے۔دوسری جانب وائٹ ہاؤس اور کیٹی زکریا کی جانب سے تاحال اس تقرری کے حوالے سے کوئی باضابطہ تبصرہ سامنے نہیں آیا۔





