Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

امریکا کا ایرانی جنگ بندی منصوبہ مسترد، عالمی منڈی میں تیل مہنگا

russia-oil-23551443-16x9_0

امریکا کی جانب سے ایران کی جنگ بندی کی شرائط مسترد کیے جانے کے بعد آبنائے ہرمز کی جلد بحالی کے امکانات کم ہونے پر ہفتے کے آغاز میں عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔


میٹس گلوبل کے اعداد و شمار کے مطابق پیر کو برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 2.48 فیصد اضافے کے ساتھ 106.91 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔


اسی طرح ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 1.62 ڈالر یا 1.75 فیصد بڑھ کر 94.03 ڈالر فی بیرل ہوگئی، یہ قیمت پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 52 منٹ پر ریکارڈ کی گئی۔


خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ ہفتے کے اختتام پر سامنے آنے والی پیش رفت کے بعد شروع ہوا-


وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے پیش کردہ جنگ بندی کی تجویز مسترد کرتے ہوئے اشارہ دیا کہ نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائی دوبارہ شروع ہوسکتی ہے۔


امریکی صدر نے بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو میں بھی تصدیق کی کہ انہوں نے ایران کی تجویز مسترد کردی ہے,جنگ بندی کی تجویز جمعے کو ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر پیش کی تھی۔


عباس عراقچی کے مطابق تہران آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کی آمدورفت بحال کرنے اور ایک ہفتے کے اندر امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے لیے تیار ہے، تاہم اس کے لیے ایران کی بعض شرائط کو پہلے تسلیم کرنا ہوگا۔