پیٹرولیم لیوی، عوامی ریلیف اور معاشی حقیقت کے درمیان،تحریر: سعدیہ مقصود
نقطہ نظر
پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں، علاقائی صورتحال اور درآمدی ایندھن پر انحصار کے باعث مسلسل دباؤ میں ہیں۔ ایسے حالات میں حکومت کے لیے سب سے بڑا چیلنج عوام کو ریلیف دینا اور ساتھ ہی ملکی معاشی ضروریات کو برقرار رکھنا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے اس مشکل صورتحال میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔ حکومت نے کم آمدنی والے اور ایندھن پر زیادہ انحصار کرنے والے طبقات کے لیے ہدفی فیول ریلیف اسکیم متعارف کرائی ہے، جس کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ، دیگر دو و تین پہیوں والی گاڑیوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کو مخصوص مقدار میں فی لیٹر 100 روپے تک ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل بھی عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے دوران وزیراعظم کی ہدایت پر حکومتی بچت کے وسائل سے صارفین کو قیمتوں کے اثرات سے تحفظ دینے کے لیے مالی معاونت فراہم کی گئی۔ یہ اقدامات اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ حکومت عالمی معاشی دباؤ کے باوجود عام آدمی پر بوجھ کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
پیٹرولیم لیوی حکومت کے لیے محصولات کا ایک اہم ذریعہ ہے، تاہم اس کا براہِ راست اثر پیٹرول کی قیمت پر پڑتا ہے۔ اسی لیے موجودہ پالیسی میں عمومی سبسڈی کے بجائے ہدفی ریلیف پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ محدود وسائل ان لوگوں تک پہنچیں جو ایندھن کی قیمتوں سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت کی جانب سے فیول ریلیف کے ساتھ ساتھ ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن، مقامی پیداوار میں اضافے اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے کی کوششیں بھی طویل المدتی حل کی جانب اہم اقدامات ہیں۔پیٹرولیم لیوی پر بحث اپنی جگہ، لیکن موجودہ عالمی حالات میں عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنا بھی ناگزیر ہے۔ حکومت کی جانب سے ہدفی فیول ریلیف اور معاشی دباؤ کم کرنے کے اقدامات اس مشکل وقت میں عوامی مشکلات کم کرنے کی ایک عملی کوشش ہیں۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ وقتی ریلیف کے ساتھ ایسی پائیدار توانائی پالیسی بھی تشکیل دی جائے جو پاکستان کو عالمی تیل کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ سے مستقبل میں کم سے کم متاثر کرے۔
مزید پڑھیں





