عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کی دوسری شادی کی تصاویر سامنے آ گئیں

سابق وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ اور فلم پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ نے کاروباری شخصیت کیمرون او ریلی سے اپنی دوسری شادی کی باضابطہ تصدیق کرتے ہوئے شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی ہیں۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل نے گزشتہ دنوں دعویٰ کیا تھا کہ 52 سالہ ایوارڈ یافتہ فلم پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ نے گزشتہ ہفتے کے آخر میں 62 سالہ کیمرون او ریلی سے شادی کی۔تاہم اب جمائما نے انسٹاگرام پر شادی کی تصاویر جاری کرتے ہوئے اپنی دوسری شادی کی تصدیق کردی ہے۔ تصاویر میں جمائما کے دونوں بیٹے اور قریبی دوست بھی ان کے ہمراہ نظر آئے۔جمائما نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں شادی کی تاریخ 12 ستمبر 2026 درج کرتے ہوئے کہا کہ اس دن کو ان دونوں کے لیے خاص اور خوشیوں بھرا بنانے والے تمام افراد کا وہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہیں۔
آئرش نژاد آسٹریلوی کیمرون او ریلی آنجہانی میڈیا ٹائیکون اور بین الاقوامی رگبی اسٹار سر انتھونی او ریلی کے صاحبزادے ہیں۔ انہوں نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی اور اپنے کیریئر کا ایک حصہ والد کے کاروبار سے وابستہ رہتے ہوئے گزارا۔
کیمرون نے انڈیپنڈنٹ نیوز اینڈ میڈیا اور آسٹریلوی اشاعتی ادارے اے پی این نیوز اینڈ میڈیا میں کام کیا۔ بعد ازاں انہوں نے نجی سرمایہ کاری کے شعبے میں قدم رکھا اور 2000 میں اے پی این نیوز اینڈ میڈیا کے چیف ایگزیکٹو کے عہدے سے سبکدوش ہوگئے۔2003 میں انہوں نے نجی سرمایہ کاری فنڈ بیارڈ کیپیٹل قائم کیا اور سوئٹزرلینڈ کی میٹرنگ کمپنی لینڈس اینڈ گائر حاصل کی، جس کے چیف ایگزیکٹو بھی رہے۔ بعد ازاں 2011 میں توشیبا نے یہ کمپنی 2.3 ارب ڈالر میں خرید لی۔
رپورٹس کے مطابق جمائما اور کیمرون او ریلی کی ملاقات اس وقت ہوئی جب کیمرون مختلف ڈاکیومنٹریز اور فلموں میں ایگزیکٹو پروڈیوسر کے طور پر کام کر رہے تھے۔ دونوں پہلے دوست بنے اور بعد میں ان کی دوستی رومانوی تعلق میں تبدیل ہوگئی۔جمائما کے ایک قریبی دوست نے اس سے قبل بتایا تھا کہ دونوں ایک دوسرے کو طویل عرصے سے جانتے تھے اور ان کی پہلی ملاقات کام کے سلسلے میں ہوئی تھی، جبکہ رومانوی تعلق قائم ہونے سے پہلے وہ کچھ عرصے تک دوست رہے۔
مزید پڑھیں





