حیدرآباد اور کراچی کے چار اضلاع کےماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق

کراچی کے چار اضلاع اور حیدرآباد سے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر سندھ کی تازہ رپورٹ کے مطابق صوبہ سندھ میں رواں سال اگست میں 5 اضلاع میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، ان اضلاع میں کراچی کے اضلاع غربی، کورنگی، وسطی اور جنوبی سے ایک، ایک مثبت نمونہ ملا جبکہ حیدرآباد سے پولیو وائرس کے 2 مثبت نمونے رپورٹ ہوئے، سندھ میں ماحولیاتی نگرانی کے دوران پولیو وائرس کی موجودگی میں 2025 کے مقابلے میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اگست 2026 میں وائرس کی موجودگی محدود اضلاع تک رہ گئی۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق کراچی شرقی، کیماڑی، ملیر، گھوٹکی، سکھر، جیکب آباد، قمبر، لاڑکانہ، کشمور، دادو، بدین، جامشورو، سجاول، میرپورخاص اور سانگھڑ، بینظیرآباد (ایس بی اے) میں حالیہ ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی نہیں پائی گئی۔
حکام کے مطابق کسی ماحولیاتی نمونے کا منفی آنا بذاتِ خود اس بات کی تصدیق نہیں کرتا کہ کسی علاقے میں پولیو وائرس کی منتقلی مکمل طور پر رک گئی ہے۔ اسی لیے جن اضلاع میں رپورٹنگ کے دوران وائرس کا کوئی نمونہ نہیں ملا، انہیں ’’حالیہ وائرس کی عدم موجودگی‘‘ والے اضلاع قرار دیا گیا ہے، نہ کہ ایسے علاقے جہاں وائرس کی منتقلی یقینی طور پر رک چکی ہو۔
اگست 2026 کی مجموعی نگرانی کے نتائج کے مطابق حالیہ پولیو وائرس کی موجودگی محدود اضلاع تک مرکوز ہے جبکہ جولائی تا اگست کے دوران نگرانی کیے گئے بیشتر اضلاع میں وائرس کا کوئی نمونہ سامنے نہیں آیا۔
سندھ بھر میں 5 سال سے کم عمر 25 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی مہم کا آغاز ہوگیا، جو 27 ستمبر تک جاری رہے گی ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔ سندھ حکومت کے مطابق مہم میں 80 ہزار سے زائد پولیو ورکرز حصہ لے رہے ہیں۔
مہم کے دوران سندھ کے تمام 30 اضلاع میں گھر گھر جاکر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، جس کے لیے ایک ہزار 490 یونین کونسلز میں ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں، حکام کے مطابق مہم 23 مکمل اضلاع جبکہ 7 جزوی اضلاع میں چلائی جائے گی۔
مراد علی شاہ نے مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ 2027 کے اختتام تک سندھ سے پولیو وائرس کی منتقلی روکنا ایک قابلِ حصول ہدف ہے انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں، وزیراعلیٰ سندھ نے علما سے بھی پولیو مہم کی حمایت کرنے کی اپیل کی اور عوام پر زور دیا کہ پولیو کے خاتمے سے متعلق منفی پروپیگنڈے پر توجہ نہ دیں، پولیو فری سندھ اور پاکستان ہمارا عزم اور مشترکہ ذمہ داری ہے۔
مزید پڑھیں





