Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اسلام آباد میں نیشنل آئی ٹی پارک کا وزیراعظم نے افتتاح کر دیا


اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں ملک کے پہلے نیشنل آئی ٹی پارک کا افتتاح کر دیا، جسے جدید تقاضوں کے مطابق تعمیر کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے منصوبے کو ملکی ترقی، خوشحالی اور ٹیکنالوجی کے فروغ میں اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔


اسلام آباد میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نیشنل آئی ٹی پارک نوجوانوں کے لیے ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔ منصوبے کا سنگ بنیاد 2017-2018 میں رکھا گیا تھا، جبکہ اس کی تکمیل مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پیش رفت کی عکاسی کرتی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل آئی ٹی پارک محض ایک عمارت نہیں بلکہ ٹیکنالوجی، جدت اور مہارت کا امتزاج ہے۔ اس منصوبے کے ذریعے نئی کمپنیوں اور آئی ٹی ماہرین کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، جبکہ ملک بھر میں اس نوعیت کے منصوبوں کا دائرہ بھی وسیع کیا جائے گا۔شہباز شریف نے منصوبے کی تکمیل میں کردار ادا کرنے پر وزیرِ آئی ٹی اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ایک وفد کے ہمراہ جنوبی کوریا کا دورہ بھی کر چکے ہیں، جبکہ دانش یونیورسٹی کے قیام پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔


تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ وزارتِ آئی ٹی کی ٹیم نے نیشنل آئی ٹی پارک کی تکمیل کے لیے بھرپور محنت کی۔ انہوں نے منصوبے میں تعاون کرنے والے تمام متعلقہ فریقوں کی خدمات کو بھی سراہا۔شزا فاطمہ خواجہ نے بتایا کہ ملک بھر میں قائم سہولت مراکز سے مختلف علاقوں کے افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ پاکستان کا پہلا آئی ٹی ٹاور لاہور میں ارفع کریم کے نام سے قائم کیا گیا، جبکہ پنجاب بھر میں بھی سہولت مراکز کا نیٹ ورک پھیلایا گیا ہے۔