Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

وزیراعظم کا کے پی کے میں سکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار


وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خیبر پختونخوا سے متعلق حتمی فیصلے سے قبل تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا۔


ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا حکومت صوبے میں امن و امان کے قیام میں ناکام ہو چکی ہے،وزیراعظم نے صوبے میں سکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔


خیبر پختونخوا کی صورتحال پر وفاقی حکومت کی تازہ مشاورت ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب اسلام آباد اور خیبر پختونخوا حکومت کے درمیان سکیورٹی کی صورتحال اور پی ٹی آئی کے 4 اکتوبر کے اسلام آباد مارچ کے معاملے پر کشیدگی بڑھ رہی ہے۔


وزیراعظم ہاؤس میں اجلاس کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر کشمیر امور امیر مقام، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر اطلاعت عطا تارڑ شریک ہوئے۔


ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخوا میں دہشتگردی اور سکیورٹی کی صورت حال جبکہ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق قانونی اور آئینی پہلوؤں پر بریفنگ دی۔


خیال رہے کہ وفاقی وزراء نے خیبر پختونخوا حکومت پر دہشتگردی سے مؤثر انداز میں نمٹنے میں ناکامی کا الزام عائد کرتے ہوئے انسدادِ دہشتگردی کے لیے مختص وسائل کے استعمال پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔ 18 ستمبر کو کوہاٹ میں پرانی پولیس لائنز کے قریب حملے اور 26 ستمبر کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں چیک پوسٹ پر خودکش دھماکے کے بعد وفاقی وزراء نے صوبائی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔


دوسری جانب خیبر پختونخوا حکومت نے دہشتگردی سے نمٹنے میں ناکامی کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کی پولیس، شہریوں اور سیاسی کارکنوں نے بھی دہشت گردی کے باعث بھاری جانی نقصان اٹھایا ہے۔ ہمارے کارکنوں، منتخب نمائندوں، پولیس اور عام شہریوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں۔


وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ گورنر راج اور ایمرجسنی لگانے کی دھمکیوں پر اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ 4 اکتوبر کو اسلام آباد کی جانب ہمارا مارچ پُرامن ہو گا۔


ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے تحریک انصاف کی قیادت سے پس پردہ رابطوں پر بھی اعتماد میں لیا، جبکہ وزیراعظم نے خیبر پختونخوا سے متعلق فیصلے سے قبل تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا۔