Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اجے دیوگن کی فلم دیکھ کر بیٹے نے باپ کو قتل کردیا


بھارتی ریاست بہار میں 26 سالہ نوجوان کو مبینہ طور پر اپنے والد کے قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا-


پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے مبینہ جرم کی منصوبہ بندی حال ہی میں ریلیز ہونے والی بالی ووڈ فلم ’در یشیم 3‘ دیکھنے کے بعد کی، شِو شنکر اپنی اہلیہ کے ساتھ ریاست گجرات کے شہر سورت میں رہائش پذیر اور ملازمت کرتا تھا،مبینہ طور پر والد کے ساتھ خاندانی زمین کے تنازع پر اس کے تعلقات کشیدہ تھے۔


پولیس کے مطابق شِو شنکر نے سورت کے ایک سنیما میں ’دریشیم 3‘ دیکھی جس کے بعد وہ والد کے قتل کی منصوبہ بندی کرکے تقریباً 2 ہزار کلومیٹر کا سفر طے کرتے ہوئے اپنے آبائی گاؤں پہنچا۔


پولیس کے مطابق ملزم نے سفر شروع کرنے سے قبل موبائل فون بند کردیا تاکہ اس کی نقل و حرکت کا سر اغ نہ لگایا جاسکےوہ پٹنہ اور حاجی پور کے راستے پٹوری پہنچا جہاں سے مبینہ طور پر رکشہ لیا اور پھر تقریباً 4 کلومیٹر پیدل چل کر گاؤں پہنچا۔


تفتیش کے مطابق شِو شنکر گھر کے پچھلے دروازے سے اندر داخل ہوا اور مبینہ طور پر سوئے ہوئے والد پر کلہاڑی سے حملہ کرکے انہیں قتل کردیا جس کے بعد وہ موقع سے فرار ہوگیا۔


تاہم پولیس کے مطابق ملزم کا منصوبہ اس وقت ناکام ہونا شروع ہوگیا جب اس نے پٹوری ریلوے اسٹیشن پر اپنا موبائل فون دوبارہ آن کیا اور اہلیہ کو فون کردیا،اگرچہ اس نے کچھ دیر بعد فون دوبارہ بند کردیا تاہم اس مختصر فون سرگرمی نے تفتیش کاروں کو اہم سراغ فراہم کردیا۔


پولیس نے تکنیکی نگرانی اور کال ریکارڈز کی مدد سے ملزم کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا اور اسے سو رت سے گرفتار کرلیادورانِ تفتیش شِو شنکر نے والد کے قتل کی منصوبہ بندی کا اعتراف کیا اور بتایا کہ فلم دیکھنے کے بعد اس نے جرم کو انجام دینے کا منصوبہ بنایا تھا۔


پولیس نے ملزم کی نقل و حرکت اور فون ریکارڈز سمیت دیگر شواہد کی بنیاد پر تحقیقات جاری رکھی ہوئی ہیں، رپورٹ کے مطابق ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے اسے عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔