سہیل آفریدی وزیراعلٰی کم اور ٹی ٹی پی کے کمانڈر زیادہ لگتے ہیں، عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سہیل آفریدی ٹی ٹی پی کے کمانڈر زیادہ اور وزیراعلیٰ کم لگتے ہیں۔
عطا تارڑ نے الزام عائد کیا کہ خیبر پختونخوا میں ٹمبر اور تمباکو کی غیر قانونی تجارت ہو رہی ہے، جبکہ صوبے میں غیر قانونی گولڈ مائننگ میں بھی ان کے سیاسی لوگ ملوث ہیں، جو غیر قانونی مائننگ اور ٹھیکوں کے ذریعے دہشت گردوں کو فنڈ کرتے ہیں۔
وزیر اطلاعات کے مطابق یہی وجہ ہے کہ یہ لوگ دہشت گردوں کو روکنا نہیں چاہتے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو صوبائی حکومت دہشت گردی کو نہ روکنا چاہے اور جس کے دور میں بے گناہ شہریوں کا خون بہے، یہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ عطا تارڑ نے کہا کہ افغانستان سے ڈرون آئے تو یہ لوگ بھاگ گئے، جبکہ ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہنگو میں زخمی ہونے والے ایک شخص نے کہا کہ ہم بزدل نہیں ہیں، ہمیں ٹھیک ہونے دیں، ہم دہشت گردوں کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہمارے شہری، جوان اور سیکیورٹی فورسز پوری طرح دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متحرک ہیں، جبکہ دہشت گردی کی جنگ میں پوری قوم قربانیاں دے رہی ہے۔
عطا تارڑ نے مزید الزام عائد کیا کہ سہیل آفریدی اور ان کے ساتھی دہشت گردوں کے ساتھ ہاتھ ملائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کی سہولت کاری سے باز رہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے پی ٹی آئی سے بھی کہا کہ وہ ہوش کے ناخن لے اور ملک کی سالمیت کے لیے کام کرے۔
مزید پڑھیں





