Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

سندھ میں ایم ڈی کیٹ 2026 سے متعلق شکایات، وفاقی وزیر صحت کا 15 روز میں انکوائری کا حکم

Mustafa-Kamal

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے سندھ میں ایم ڈی کیٹ 2026 کے امتحان کے انعقاد اور نتائج سے متعلق سامنے آنے والی شکایات کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے وزارت صحت کو 15 روز میں انکوائری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا ہے کہ ایم ڈی کیٹ 2026 کے انعقاد میں شفافیت اور منصفانہ امتحانی عمل سے متعلق سوالات اٹھائے گئے ہیں، جن کا تمام متعلقہ پہلوؤں سے جائزہ لیا جائے گا، حکومت سندھ، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل اور ایم ڈی کیٹ منعقد کرنے والی یونیورسٹی باہمی تعاون سے امتحان کے دوران سامنے آنے والی شکایات اور اعتراضات کی تحقیقات کریں گے۔

مصطفیٰ کمال کے مطابق ایم ڈی کیٹ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی متعدد شکایات سامنے آئی ہیں جبکہ عوامی نمائندوں کی جانب سے بھی امتحان کے طریقہ کار اور نتائج سے متعلق تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ ان شکایات کی روشنی میں امتحانی عمل کی شفافیت کا تفصیلی جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انکوائری کے دوران مختلف امتحانی مراکز کے نتائج، حاصل کردہ نمبرز، کامیابی کی شرح اور پاس ریٹ کا تقابلی جائزہ لیا جائے گا۔ مختلف مراکز کے نتائج میں غیرمعمولی یا نمایاں فرق کی صورت میں اس کے اسباب بھی جانچے جائیں گے تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ کہیں کسی مرکز کے نتائج میں غیر معمولی رجحان تو موجود نہیں۔

وزارت صحت کے مطابق انکوائری میں امتحانی مراکز کی حاضری شیٹس، سیٹنگ پلان، سینٹر ریکارڈ اور نتائج سے متعلق مکمل ڈیٹا بھی شامل کیا جائے گا۔ امتحان کے دوران کسی تکنیکی خرابی، انتظامی غفلت یا دیگر بے ضابطگی کی شکایت سامنے آنے کی صورت میں اس کی نوعیت اور ذمہ داری کا بھی تعین کیا جائے گا۔

وزارت صحت نے بتایا کہ ایم ڈی کیٹ 2026 کے حوالے سے غیر مجاز معاونت، جعل سازی، سوالات کے افشا اور امتحانی ضابطوں کی خلاف ورزی سے متعلق شکایات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ امتحان کے انعقاد کے دوران پیش آنے والے کسی بھی ایسے واقعے کی تحقیقات کی جائیں گی جس سے امیدواروں کے امتحانی عمل یا نتائج پر اثر پڑنے کا خدشہ ہو۔

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل امتحان کے انعقاد، امتحانی مراکز، امیدواروں کی حاضری، نتائج مرتب کرنے کے طریقہ کار اور دیگر متعلقہ امور کا ریکارڈ انکوائری کے لیے فراہم کرے گی۔ متعلقہ یونیورسٹی اور دیگر اداروں سے بھی ضروری معلومات حاصل کی جائیں گی تاکہ شکایات کا حقائق کی بنیاد پر جائزہ لیا جاسکے۔

مصطفیٰ کمال نے ہدایت کی ہے کہ انکوائری کے تمام مراحل شفاف انداز میں مکمل کیے جائیں اور رپورٹ 15 روز کے اندر وزارت صحت کو پیش کی جائے۔ رپورٹ میں امتحان کے انعقاد، نتائج اور سامنے آنے والی شکایات سے متعلق حقائق، ممکنہ بے ضابطگیوں اور ذمہ داری کے تعین سے متعلق تفصیلات شامل کی جائیں گی۔