فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بیلاروس کے اعلیٰ سطح وفد کی ملاقات، علاقائی اور عالمی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بیلاروس کے اعلیٰ سطح وفد کی ملاقات میں علاقائی اور عالمی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بیلاروس کے اعلیٰ سطح وفد نے اسٹیٹ سیکرٹری آف سکیورٹی کونسل لیفٹیننٹ جنرل الیگزینڈر وولفووچ کی قیادت میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں بدلتی ہوئی علاقائی اور عالمی سکیورٹی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان و بیلاروس کے درمیان موجودہ دفاعی تعاون کے دائرہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بیلاروس کے ساتھ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ بیلاروس کے اعلیٰ عہدیدار نے بھی دونوں ممالک کے درمیان دفاعی و سیکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ بیلاروسی وفد نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
ملاقات میں پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دفاعی وسکیورٹی روابط کو وسعت دینے کے لیے اعلیٰ سطح پر رابطے جاری ہیں۔
اکتوبر 2024 میں بھی بیلاروس کے وزیراعظم رومان گولووچینکو نے جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات میں علاقائی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
مزید پڑھیں





