Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ
لائیو نیوز
آخری اپ ڈیٹ:3 گھنٹے پہلے

اسلام آباد کی جانب پہلا لانگ مارچ چل پڑا،دارالحکومت میں سیکورٹی سخت

مصنف

شائع کیا گیا

islamabad

اسلام آباد کی جانب پہلے لانگ مارچ کا کراچی سے آغاز ہو گیا، جماعت اسلامی کا قافلہ کراچی سے چل پڑا،پی ٹی آئی، کسانوں نے بھی لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، حکومت نے بھی اسلام آباد کو کینٹینر کا شہر بنا دیا ہے ،ملازمین کی چھٹیاں منسوخ،ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے


جماعت اسلامی کا پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کیلئے لانگ مارچ کراچی سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگیا۔،کراچی کے کینٹ اسٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ شروع کررہے ہیں، ہمارا پہلا پڑاؤ حیدرآباد میں ہوگا، پھر آگے بڑھیں گے۔  انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے لیوی کا خاتمہ کیا جائے گا تو احتجاج ختم ہوگا، وزرا آتے ہیں لیکن عوام کو ریلیف نہیں دیتے، حکومت خود لوگوں کو احتجاج پر مجبور کر رہی ہے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت عالمی مارکیٹ کا بہانہ بنا کر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرتی ہے، ہمیں شدید گرمی میں احتجاج کرنے کا کوئی شوق نہیں، ہماری جدوجہد عوام کے لیے ہے۔ان کا کہنا تھا اگر ہر جگہ سے قافلے اسلام آباد پہنچ گئے تو پھر ہمارے لیے عوام کو روکنا بہت مشکل ہو جائے گا۔ 


براہ راست
  1. |3 گھنٹے پہلے

    مارچ ذاتی مقصد کے لیے نہیں ،منزل اسلام آباد ہے،حافظ نعیم

    M
    Mumtaz

    امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں پٹرولیم لیوی، بھتہ نما ٹیکسز، مہنگائی اور عوام پر بڑھتے ہوئے معاشی بوجھ کے خلاف کراچی سے اسلام آباد روانہ ہونے والے ٹرین مارچ کا حیدرآباد اور ٹنڈوآدم ریلوے سٹیشنوں پر ہزاروں مرد و خواتین، کارکنان اور شہریوں نے بھرپور استقبال کیا۔ دونوں سٹیشن جماعت اسلامی کے نعروں، پرچموں اور بینرز سے گونجتے رہے۔

    حیدرآباد ریلوے اسٹیشن پر بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کارکنان اور عوام کے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جماعت اسلامی کی جاری تحریک کا مقصد کسی ذاتی یا جماعتی ایجنڈے کی تکمیل نہیں بلکہ عوام کے حقوق کی بحالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد مارچ بذات خود منزل نہیں، اصل مقصد عوام کو ان کے حقوق دلانا ہے اور اسی مقصد کے لیے ملک بھر سے قافلے اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہیں۔

    حافظ نعیم الرحمن نے حیدرآباد میں جاری 29 روزہ دھرنے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عوامی احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے۔ انہوں نے دھرنے اور استقبال میں شریک خواتین کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے ساتھ موجود ایک محنت کش کلی کو پھولوں کا ہار پہنا کر محنت کش طبقے سے اظہار یکجہتی بھی کیا۔امیر جماعت اسلامی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول کی موجودہ قیمت میں 135 روپے پٹرولیم لیوی کی مد میں وصول کیے جا رہے ہیں۔ ان کے بقول اگر عالمی منڈی کی قیمتوں کے مطابق شفاف طریقے سے قیمتوں کا تعین کیا جائے اور ناجائز لیوی ختم کی جائے تو پٹرول کی قیمت 200 روپے فی لیٹر سے کم ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو پٹرولیم لیوی فوری ختم کرنا ہوگی، جبکہ بجلی اور گیس کے بھاری بلوں میں عائد فکس چارجز اور اضافی ٹیکسز بھی ختم کیے جائیں۔ عوام کو سستی بجلی اور گیس کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ایسے آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی کی ضرورت ہے جو عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈال رہے ہیں۔

    حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی کے شدید دباؤ کا شکار ہیں، اس لیے حکومت کو مزید ٹیکس عائد کرنے کے بجائے فوری اور حقیقی ریلیف دینا چاہیے۔ انہوں نے حکمران طبقے اور بیوروکریسی کو حاصل مراعات پر بھی تنقید کی اور کہا کہ سرکاری اخراجات اور اشرافیہ کی عیاشیوں کا بوجھ عام آدمی پر منتقل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی نظام میں امیر اور غریب دونوں پر یکساں ٹیکس کا بوجھ ڈالا جا رہا ہے، جبکہ حکمران سرکاری وسائل اور مراعات سے دستبردار ہونے کو تیار نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں قائم یہ معاشی نظام مزید نہیں چل سکتا اور جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔حکومت کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومتی مذاکراتی ٹیمیں بات چیت کے لیے آتی ہیں لیکن ان کے پاس عوام کو دینے کے لیے کوئی ٹھوس تجویز موجود نہیں ہوتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی محض روایتی سیاست کے بجائے عوام کے حقیقی مسائل کی ترجمانی کر رہی ہے۔

    دریں اثنا کراچی سے اسلام آباد جانے والی رحمان بابا ایکسپریس کے ٹنڈوآدم ریلوے اسٹیشن پہنچنے پر بھی ہزاروں مرد و خواتین نے حافظ نعیم الرحمن اور دیگر قائدین کا والہانہ استقبال کیا۔ کارکنان نے جماعت اسلامی کے پرچم اور مختلف بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر پٹرولیم لیوی، مہنگائی اور اضافی ٹیکسز کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کے مطالبات درج تھے۔ ٹرین کی آمد پر قائدین پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور ریلوے اسٹیشن ’’حافظ نعیم الرحمن زندہ باد‘‘ اور ’’جماعت اسلامی زندہ باد‘‘ کے نعروں سے گونج اٹھا۔ٹنڈوآدم میں خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کی ملک گیر احتجاجی مہم میں معاشرے کے مختلف طبقات شریک ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے اسلام آباد تک ٹرین مارچ کا مقصد عوام کو مہنگائی اور ناجائز ٹیکسوں کے بوجھ سے نجات دلانے کے مطالبے کو اجاگر کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام پر عائد معاشی بوجھ کم کرنے کے لیے پٹرولیم لیوی اور اضافی ٹیکسز کا خاتمہ، بجلی و گیس کے بلوں میں ریلیف اور آئی پی پیز سے متعلق عوام پر بوجھ ڈالنے والے معاہدوں پر نظرثانی ضروری ہے۔

    حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا کہ حیدرآباد کے بعد ٹرین مارچ کا اگلا پڑاؤ روہڑی ہوگا، جہاں سے قافلہ اسلام آباد کی جانب اپنا سفر جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے عوام اپنے حقوق کے لیے اسلام آباد پہنچیں گے۔

    حیدرآباد میں امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ، صوبائی جنرل سیکریٹری محمد یوسف، امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر، ڈپٹی جنرل سیکریٹری سندھ سہیل شارق، امیر ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید جبکہ ٹنڈوآدم میں نائب امیر جماعت اسلامی سندھ افضال احمد، امیر ضلع سانگھڑ رفیق منصوری، جنرل سیکریٹری ارشد خاصخیلی، نائب امیر سید ارشاد ظفر بخاری، امیر ضلع مٹیاری فقیر محمد لاکھو، امیر جماعت اسلامی ٹنڈوآدم سید عارف اللہ سمیت دیگر رہنما، کارکنان، وکلا، تاجر اور شہری موجود تھے۔ٹنڈوآدم ریلوے اسٹیشن پر شرکا کے لیے پانی کے سٹال قائم کیے گئے تھے جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔ سپر ٹرین مارچ حیدرآباد اور ٹنڈوآدم سے استقبال کے بعد اسلام آباد کی جانب اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہے

  2. |3 گھنٹے پہلے

    لانگ مارچ والے باز نہ آئے تو اچھی طرح سمجھا دیا جائے گا، رانا ثنا اللہ

    M
    Mumtaz

    فیصل آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کرنے والوں کو سمجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے، اگر وہ باز نہ آئے تو انہیں اچھی طرح سمجھا دیا جائے گا۔


    فیصل آباد میں رورل ہیلتھ سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ مہنگائی نے ہر شہری کی زندگی مشکل بنا دی ہے، جبکہ مہنگائی کی بنیادی وجہ پیٹرول کی قیمت ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ حکومت پیٹرول کی قیمت بڑھاتی ہے، دنیا کے ہر ملک میں مہنگائی ہے اور اس کی وجہ پیٹرولیم مصنوعات کا مہنگا ہونا ہے۔رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ انہوں نے کہیں نہیں سنا کہ کسی ملک میں لانگ مارچ اور مار دھاڑ ہوئی ہو۔ لانگ مارچ کرنے والوں کو سمجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم اگر وہ باز نہ آئے تو انہیں اچھی طرح سمجھا دیا جائے گا۔

  3. |3 گھنٹے پہلے

    اسلام آباد میں کسی پرتشدد جتھے کو آنے کی اجازت نہیں دیں گے، عطا تارڑ

    M
    Mumtaz

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ کوئی پرتشدد جتھہ اسلام آباد نہ آئے، سڑکوں کی بندش اور عوام کی آمدورفت میں خلل سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کے واضح احکامات موجود ہیں، انتظامیہ یقینی بنائے گی کہ شہریوں کی آمدورفت میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔


    اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ساتھ ہمارا رابطہ ہے، وہ پُرامن اور سمجھدار لوگ ہیں، تاہم قانون سب کے لیے یکساں ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی سڑکوں کی بندش اور عوام کی آمدورفت میں خلل سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کے واضح احکامات ہیں، انتظامیہ ان احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائے گی۔عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے تحت اب تک 22 لاکھ افراد رجسٹر ہو چکے ہیں۔ اسکیم میں رجسٹریشن کے لیے موٹر سائیکل کا مالک ہونا ضروری نہیں، جبکہ موٹر سائیکل کے لیے پانچ لیٹر پیٹرول کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے۔ یہ سہولت تمام پیٹرول پمپس پر دستیاب ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے باعث تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ وزیراعظم نے غریب طبقے کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو بروقت ہدایات جاری کیں اور وہ عوام کی فلاح و بہبود کا خصوصی خیال رکھتے ہیں۔

رسائی کے اختیارات

Size: NORMAL