اروشی روٹیلا کی اے آئی کمپنی کیخلاف قانونی کارروائی، 7,000 کروڑ ہرجانے کا مطالبہ

بالی ووڈ اداکارہ اروشی روٹیلا کی ٹیم نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ان کے نام، تصاویر اور ویڈیوز کے مبینہ بلا اجازت استعمال پر لاس اینجلس میں قائم ایک آرٹیفیشل انٹیلی جنس کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی کر رہی ہے۔
اداکارہ کی ٹیم کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق کمپنی نے مبینہ طور پر اجازت حاصل کیے بغیر اروشی کی شناخت اور مواد کا استعمال کیا۔ ٹیم کا کہنا ہے کہ وہ مناسب قانونی چارہ جوئی کر رہی ہے، جس میں ہرجانے کا تخمینہ فی الحال 7,000 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔ ٹیم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اداکارہ کے نام، تصویر یا شباہت کا کوئی بھی تجارتی استعمال صرف باقاعدہ اجازت کے ساتھ ہی کیا جانا چاہیے۔
حال ہی میں اداکار سلمان خان نے بھی بگ باس 20 کی ایک قسط کے دوران مصنوعی ذہانت کے غلط استعمال پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ سلمان خان نے اے آئی کے بڑھتے ہوئے استعمال اور اس ٹیکنالوجی کے ذریعے لوگوں کی تصاویر اور شناخت کے بلا اجازت استعمال کے حوالوں سے خدشات پر بات کی تھی۔ فلم سلطان کے اداکار نے کہا کہ کسی نے اے آئی ویڈیو بنائی، یا اے آئی وائس ڈبنگ کرنا غلط ہے۔ اے آئی اتنی آگے نکل چکی ہے کہ یہ بہت خوفناک ہے۔ یہ ایک بہت سنگین بات ہے۔
مزید پڑھیں





