موٹروے بند رکھنے کا اعلان کر دیا گیا

اسلام آباد: پشاور، اسلام آباد موٹروے ایم ون کو کل بدھ سے تاحکم ثانی بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ون اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک کل بدھ کی شام سے ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔ اس دوران اسلام آباد ٹول پلازہ، فتح جنگ، ترنول اور سنگجانی انٹرچینج بھی بند رہیں گے۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ براہمہ باہتر، برہان، ہزارہ موٹروے، غازی اور چھچھ انٹرچینج بھی بند کردیئے جائیں گے۔ ترجمان کے مطابق موٹروے ایم 14 ہکلہ سے کنڈل تک دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بند رہے گی، جبکہ ہکلہ، فتح جنگ، پنڈی گھیپ، کھڑپہ، تراپ اور داؤد خیل انٹرچینج بھی بند رہیں گے۔
موٹروے پولیس کے مطابق کوٹ بیلیاں، عیسیٰ خیل اور کنڈل انٹرچینج بھی بند رہیں گے۔ کل شام سے جی ٹی روڈ این 5 کو اٹک خورد کے مقام پر بھی ٹریفک کے لیے بند کردیا جائے گا۔ سرکاری ٹی وی کے مطابق لاہور، اسلام آباد موٹروے ایم ٹو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھلی رہے گی۔ تاہم شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی سمیت دیگر اضلاع سے ایم ون موٹروے پر سفر کرنے سے گریز کریں۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بانی عمران خان کی رہائی کے لیے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، جبکہ پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی، رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے عمران خان کی تینوں بہنوں کو بھی ایم پی او تھری کے تحت 30 روز کے لیے نظر بند کردیا گیا ہے، جبکہ وفاقی دارالحکومت کے تمام داخلی و خارجی راستوں کے اطراف کنٹینرز بھی رکھ دیئے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں





