Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

شمالی کوریا کا عالمی دباؤ کے باوجود جوہری پروگرام سے پیچھے ہٹنے سے انکار


پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے اپنی جوہری طاقت کی حیثیت کو ’’ناقابلِ واپسی‘‘ قرار دیتے ہوئے اپنے جوہری ہتھیاروں کے پروگرام پر تنقید کرنے والی عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی قرارداد مسترد کردی ہے۔ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کی بہن کم یو جونگ نے آئی اے ای اے پر دوہرے معیار کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایجنسی امریکا اور جنوبی کوریا کی جوہری سرگرمیوں کو نظر انداز کر رہی ہے، جبکہ شمالی کوریا کی جوہری سرگرمیوں کے خلاف قرارداد منظور کی گئی ہے۔

کم یو جونگ نے جنوبی کوریا کے جوہری توانائی سے چلنے والی آبدوزیں حاصل کرنے کے منصوبے کا بھی حوالہ دیا اور اسے شمالی کوریا کے خلاف غیر منصفانہ پالیسی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی اے ای اے کا متعصبانہ مؤقف اور دوہرا معیار عالمی جوہری عدم پھیلاؤ کے نظام کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ شمالی کوریا کی وزارت خارجہ نے بھی آئی اے ای اے کی قرارداد مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی جوہری طاقت کی حیثیت ناقابلِ واپسی ہے اور اسے جوہری ڈیٹرنس کی حمایت حاصل ہے۔ پیانگ یانگ نے جوہری ہتھیاروں سے دستبرداری کے مطالبات کو بھی مسترد کردیا ہے۔

دوسری جانب شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کے مطابق کم جونگ اُن نے رواں ہفتے بڑے اسلحہ ساز کارخانوں کا تین روزہ دورہ کیا، جہاں انہوں نے دفاعی صلاحیت کے مختلف شعبوں کو جدید بنانے پر زور دیا۔ سرکاری میڈیا کے مطابق انہوں نے مسلح افواج کی دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں تبدیلی لانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق شمالی کوریا 2024 میں روس کے ساتھ طے پانے والے باہمی دفاعی معاہدے کے بعد اپنی فوجی صلاحیتوں کو جدید بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ یوکرین جنگ میں شمالی کوریا کے فوجیوں کی شرکت سے حاصل ہونے والے جنگی تجربات کو بھی اس عمل کا ایک ممکنہ عنصر قرار دیا جاتا ہے۔

کم جونگ اُن نے پیانگ یانگ میں پروپیگنڈا کارکنوں کی تربیتی نشست سے بھی خطاب کیا، جہاں انہوں نے جدید نظریاتی جنگ کے لیے زیادہ اختراعی، تخلیقی اور جارحانہ طریقے اختیار کرنے پر زور دیا۔

رسائی کے اختیارات

Size: NORMAL