سیاسی جماعتوں کے لانگ مارچ کی کال، جو نہیں سمجھے گا وہ سمجھا دیا جائے گا،رانا ثنااللہ

وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی نے ہر فرد کی زندگی کو مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی بنیادی وجہ پیٹرول کی قیمت ہے، تاہم یہ بات بالکل غلط ہے کہ پیٹرول کی قیمت حکومت بڑھاتی ہے۔
فیصل آباد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ پوری دنیا میں مہنگائی ہو رہی ہے اور عالمی سطح پر پیٹرول کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ ہی مہنگائی کی وجہ ہے، تاہم سوال یہ ہے کہ کیا دنیا کے کسی اور ملک میں مہنگائی کے خلاف لانگ مارچ کیے جا رہے ہیں؟ لیگی رہنما نے کہا کہ ہمارے اندر کچھ ایسے عناصر موجود ہیں جو ایسے ہی موقع کی تلاش میں رہتے ہیں۔ ان لوگوں کو اچھے انداز میں سمجھانے کی کوشش کی گئی ہے، تاہم جو نہیں سمجھے گا اسے سمجھا دیا جائے گا۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف نے جنگ رکوانے کے لیے سب سے زیادہ کوششیں کی ہیں۔ اگر یہ کوششیں کامیاب ہو گئیں تو ایران سے پاکستان کو آدھی قیمت پر پیٹرول اور گیس مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی سے ہر کوئی پریشان ہے، تاہم حکومت عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں





