مردہ بچے کے ساتھ مادہ وہیل کی نایاب ویڈیو سامنے آگئی، سائنسی ماہرین بھی حیران

آسٹریلیا کے گولڈ کوسٹ کے قریب مادہ ہمپ بیک وہیل کی اپنے مردہ بچے کے ساتھ بار بار غوطے لگانے اور اس کے قریب رہنے کی ایک نایاب ویڈیو سامنے آئی ہے، جس نے ماہرین کی توجہ حاصل کرلی۔ رپورٹ کے مطابق مادہ وہیل بار بار اپنے مردہ بچے کے قریب جاتی، اسے سر اور پنکھ سے چھوتی اور کچھ دیر تک اس کے ساتھ سمندر کی تہہ میں ساکت رہتی رہی۔ مادہ وہیل اور ایک دوسری بالغ وہیل کم از کم دو گھنٹے تک مردہ بچے کے قریب موجود رہیں۔ یہ نایاب ویڈیو جولائی 2025 میں جنوب مشرقی آسٹریلیا کے ساحل کے قریب بنائی گئی تھی، جبکہ اس مشاہدے سے متعلق تحقیق 16 ستمبر کو سائنسی جریدے ’ڈسکور اینیملز‘ میں شائع ہوئی۔ تحقیق کے مرکزی مصنف اور آسٹریلیا کی گریفتھ یونیورسٹی کے بحری ماحولیات کے ماہر اولاف مینیکے کے مطابق ہمپ بیک وہیل کی پیدائش کے مشاہدے کے صرف تقریباً 20 واقعات سائنسی لٹریچر میں درج ہیں، تاہم ان میں مردہ بچے کی پیدائش کا مشاہدہ شامل نہیں تھا۔ ماہرین کے مطابق نومولود ہمپ بیک وہیل کے جسم میں اتنی چربی موجود نہیں ہوتی کہ وہ خود پانی کی سطح پر تیر سکے، جس کے باعث بالغ وہیل کی مدد نہ ملنے کی صورت میں وہ سمندر کی تہہ میں ڈوب سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر یہی وجہ ہے کہ اس نوع میں مردہ بچے کی پیدائش کا مشاہدہ اس سے قبل نہیں کیا جاسکا۔ ویڈیو ایک نجی کشتی پر موجود محقق اینڈریو نے اس وقت بنائی جب انہوں نے پانی کی سطح پر دو بالغ ہمپ بیک وہیلز کو دیکھا۔ ان میں سے ایک وہیل عمودی حالت میں موجود تھی، جبکہ کچھ دیر بعد پانی کی سطح پر بچے کے گرد موجود جھلی کے باقیات بھی دکھائی دیے۔ اولاف مینیکے کے مطابق مادہ وہیل بار بار مختصر غوطے لگاتی، بچے کے ساتھ تیرتی اور پھر تقریباً ایک منٹ تک سمندر کی تہہ میں اس کے قریب موجود رہتی۔ اس دوران وہ اپنا سینہ نما پنکھ بھی بچے پر رکھتی اور اس کے بعد دوبارہ پانی کی سطح پر آجاتی۔ ماہرین کے لیے یہ مشاہدہ اس لیے بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے کہ مردہ بچے کے ساتھ مادہ ہمپ بیک وہیل کے اس رویے کا مشاہدہ انتہائی نایاب ہے اور اس سے ان وہیلز کے رویوں کو سمجھنے میں مزید مدد مل سکتی ہے۔
مزید پڑھیں





