Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

برطانیہ؛ شوہر کا 20 سال تک بیوی کو نشہ دے کر جنسی استحصال، نجی تصاویر بھی شیئر کرتا رہا

womens crimes

برطانیہ میں 60 سالہ شخص نے اپنی اہلیہ کو دو دہائیوں سے زائد عرصے تک نشہ آور اشیا دے کر اس کی مرضی کے بغیر جنسی زیادتی کرنے اور اس کی نجی تصاویر و ویڈیوز دوسروں کے ساتھ شیئر کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق مانچسٹر کی منشل اسٹریٹ کراؤن کورٹ میں ملزم نے 2004 سے 2025 کے دوران اپنی اہلیہ کے خلاف کیے گئے 60 جرائم قبول کیے، جن میں زیادتی، جنسی حملہ اور اسے نشہ آور اشیا دینے کے الزامات بھی شامل ہیں۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم نے اس سے قبل اپنی اہلیہ کی نجی تصاویر اور ویڈیوز بھی اس کی اجازت کے بغیر دوسروں کے ساتھ شیئر کرنے کا اعتراف کیا تھا۔ ملزم یہ تصاویر اور ویڈیوز جنسی تسکین کے لیے دوسروں کے ساتھ شیئر کرتا تھا۔ اس مقدمے میں مزید 12 افراد بھی شریک ملزمان ہیں، جن کی عمریں 28 سے 74 سال کے درمیان ہیں۔ تاہم ان تمام افراد نے خاتون سے متعلق عائد الزامات سے انکار کیا ہے، جبکہ ایک اور شخص اس سے قبل خاتون کے خلاف جنسی جرائم کا اعتراف کرچکا ہے۔ مرکزی ملزم گریٹر مانچسٹر کے علاقے اسٹاکپورٹ کا رہائشی ہے۔ عدالت میں اپنے سنگین جرائم کا اعتراف کرتے ہوئے ملزم رو پڑا۔ متاثرہ خاتون بھی اپنے اہلخانہ کے ہمراہ عدالت کی کارروائی دیکھنے کے لیے موجود تھیں۔ پولیس نے عدالت کو بتایا کہ متاثرہ خاتون کو مسلسل خصوصی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ گریٹر مانچسٹر پولیس کے اسسٹنٹ چیف کانسٹیبل رک جیکسن نے کہا کہ یہ ایک انتہائی پیچیدہ تفتیش ہے اور پولیس کی توجہ متاثرہ خاتون کی مدد اور معاونت پر مرکوز ہے۔ برطانوی پولیس نے متاثرہ خاتون کی شناخت اور قانونی رازداری کے تحفظ کے لیے مرکزی ملزم کا نام ظاہر نہیں کیا۔