ٹوکیو میں گہری نیند سونے کا منفرد مقابلہ، فاتح کیلئے لاکھوں ین کا انعام

جاپان میں کام کی مصروفیات اور دیگر سرگرمیوں کے باعث نیند کی کمی ایک عام مسئلہ تصور کی جاتی ہے۔ اسی مسئلے کی جانب توجہ دلانے کیلئے دارالحکومت ٹوکیو میں گہری نیند سونے کے ایک منفرد مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جہاں شرکاء نے زیادہ سے زیادہ گہری اور پُرسکون نیند حاصل کرنے کی کوشش کی۔
ٹوکیو میں منعقد ہونے والے اس دلچسپ مقابلے کو ‘میٹ ریس’ کا نام دیا گیا، جس میں درجنوں افراد نے شرکت کی۔مقابلے کے دوران شرکاء کو آرام دہ گدوں پر لیٹ کر نیند پوری کرنے کا موقع دیا گیا، جبکہ ان کی نیند کی کیفیت اور گہرائی جانچنے کیلئے خصوصی مانیٹرنگ آلات بھی استعمال کیے گئے۔مقابلے میں شریک افراد کو زیادہ سے زیادہ 90 منٹ تک سونے کی اجازت دی گئی۔
شرکاء بستر پر لیٹے اور نیند کی نگرانی کرنے والے آلات ان کے سروں پر نصب کیے گئے تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ کون سا شخص کتنی جلدی نیند کی حالت میں جاتا ہے اور اس دوران اس کی نیند کتنی گہری اور پُرسکون رہتی ہے۔
دلچسپ بات یہ تھی کہ بعض شرکاء اپنے ساتھ نرم کھلونے بھی لے کر آئے اور انہیں بستر پر اپنے ساتھ رکھا۔ مقابلے کے ماحول کو اس انداز میں ترتیب دیا گیا تھا کہ شرکاء زیادہ سے زیادہ آرام دہ انداز میں سو سکیں اور اپنی نیند کا بہترین معیار پیش کرسکیں۔‘میٹ ریس’ میں کامیابی کا معیار صرف یہ نہیں تھا کہ کون سب سے زیادہ دیر تک سویا بلکہ اس بات کا بھی جائزہ لیا گیا کہ کون سا شریک کتنی جلدی سو گیا اوراس کی نیند کتنی گہری اور پُرسکون رہی۔
مقابلے کے دوران استعمال کیے جانے والے نیند مانیٹرنگ آلات نے شرکاء کی نیند سے متعلق مختلف پیمانوں کا جائزہ لینے میں مدد فراہم کی۔ ان نتائج کی بنیاد پر فاتح کا انتخاب کیا گیا، یوں مقابلے میں سبقت حاصل کرنے کیلئے صرف بستر پر لیٹ جانا کافی نہیں تھا بلکہ معیاری اور پُرسکون نیند لینا بھی ضروری قرار دیا گیا۔
مقابلے میں شرکاء کیلئے 2 ملین ین سے زائد یعنی تقریباً 14 ہزارامریکی ڈالرزکا انعام رکھا گیا تھا، جس نے اس منفرد سرگرمی کی کشش میں مزید اضافہ کردیا۔منتظم کمپنی کوالا سلیپ جاپان (Koala Sleep Japan) کے تخلیقی ڈائریکٹر ریچیرو ناکاما کے مطابق ‘میٹ ریس’ کا مقصد محض تفریح فراہم کرنا نہیں بلکہ لوگوں میں اچھی اور معیاری نیند کی اہمیت کے بارے میں شعور اجاگر کرنا بھی تھا۔
ان کے مطابق مقابلے کے ذریعے لوگوں کو بہتر نیند کی طرف متوجہ کرنے اور انہیں یہ احساس دلانے کی کوشش کی گئی کہ روزمرہ زندگی میں مناسب اور پُرسکون نیند صحت مند طرز زندگی کا ایک اہم حصہ ہے۔ جاپان میں کام کی مصروفیات، سفراوررات گئے تک جاری رہنے والی سرگرمیوں کے باعث نیند کے دورانیے میں کمی ایک قابلِ توجہ مسئلہ ہے، ماہرین بھی ان عوامل کو جاپانی شہریوں کی نیند متاثر ہونے کی اہم وجوہات میں شمار کرتے ہیں۔
اقتصادی تعاون اور ترقی کی تنظیم (او ای سی ڈی) کے 2021ء کے اعداد و شمار کے مطابق جاپانی شہری اوسطاً روزانہ 7 گھنٹے 24 منٹ سوتے تھے، جو تنظیم کے رکن ممالک میں سب سے کم اوسط تھی۔ یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ جاپان میں نیند کی کمی ایک اہم سماجی مسئلہ بن چکی ہے، جس کی وجہ سے بہتر نیند اور آرام کے بارے میں آگاہی کی سرگرمیوں پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔
ٹوکیو میں ہونے والے ‘میٹ ریس’ نے اسی مسئلے کو ایک منفرد اور دلچسپ انداز میں اجاگر کیا، جہاں عام طور پر مقابلوں میں دوڑنے یا جسمانی سرگرمی کے بجائے کامیابی کیلئے شرکاء کو بستر پر لیٹ کر بہترین نیند حاصل کرنا تھی۔





