امریکی کمپنی کی 5 منٹ کی گوگل میٹ کال، 80 بھارتی ملازمت سے فارغ

امریکی کمپنی نے مبینہ طور پر اپنی 80 بھارتی ملازمین پر مشتمل پوری کسٹمر سپورٹ ٹیم کو صرف 5 منٹ کی گوگل میٹ کال کے دوران ملازمت سے فارغ کر دیا۔ متاثرہ ملازم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ریڈٹ پر کی گئی اپنی پوسٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ٹیم کے ارکان کو پہلے ’آپریشنل وجوہات‘ کا حوالہ دیتے ہوئے گھر سے کام کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم اس کے بعد اچانک رات ساڑھے 9 بجے انتظامیہ نے پوری ٹیم کو گوگل میٹ پر طلب کیا۔ متاثرہ ملازم کے مطابق تقریباً 5 منٹ جاری رہنے والی اس کال کے دوران انتظامیہ نے بتایا کہ کمپنی کی پوری بھارتی کسٹمر سروس ٹیم کو ملازمت سے فارغ کیا جا رہا ہے۔ اس اچانک فیصلے کے نتیجے میں تقریباً 80 ملازمین اور ان کے خاندان متاثر ہوئے ہیں۔ متاثرہ ملازم نے دعویٰ کیا کہ ٹیم کے ارکان ملازمت کے تحفظ سے متعلق خدشات کے باعث مسلسل محنت کر رہے تھے، تاہم برطرفی سے قبل انہیں کسی قسم کی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی۔ ان کے مطابق ملازمین کو اس فیصلے کی اطلاع اچانک دی گئی، جس سے پوری ٹیم کو شدید غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کمپنی کا نام پوچھے جانے پر متاثرہ ملازم نے بتایا کہ یہ کمپنی ’بلیو وائن‘ (Bluevine) ہے، جو ایک ڈیجیٹل بینکنگ پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتی ہے۔ کمپنی چھوٹے کاروباروں کو آن لائن بزنس چیکنگ اکاؤنٹس، ادائیگی کی سہولتیں اور کریڈٹ لائنز فراہم کرتی ہے۔ متاثرہ ملازم کے مطابق کمپنی کی جانب سے بتایا گیا کہ بھارتی کسٹمر سپورٹ ٹیم کمپنی کی توقعات کے مطابق مطلوبہ نتائج فراہم نہیں کر رہی تھی، جس کی وجہ سے پوری ٹیم کو ملازمت سے فارغ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ تاہم متاثرہ ملازم کی جانب سے کیے گئے ان دعوؤں کی کمپنی بلیو وائن کی طرف سے تاحال تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی، اس لیے برطرفی کی وجوہات اور اس واقعے سے متعلق دیگر تفصیلات فی الحال متاثرہ ملازم کے بیان تک محدود ہیں۔
مزید پڑھیں





