بلال عباس خان بھارتی ہدایت کار کے ساتھ کام کرنے کے خواہشمند

0
37

پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اور خوبرو اداکار بلال عباس خان پاکستانی فنکاروں کے ساتھ بالی وڈ میں روا رکھے جانے والے ناروا سلوک کے باوجود بھارتی ہدایت کار کے ساتھ کام کرنے کے خواہشمند ہیں۔

باغی ٹی وی :بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی ویب سائٹ کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں بلال عباس نے کہا کہ انہیں فلمیں اور ویب سیریز دیکھنا بہت پسند ہے۔ چاہے وہ ہالی وڈ کی ہو یا بالی وڈ کی۔ انہوں نے کہا میں نے کئی بھارتی فلمیں دیکھی ہیں جن میں ساؤتھ انڈین فلمیں بھی شامل ہیں۔ اور میرے اداکار ہونے کے پیچھے بھی یہی وجہ ہے۔ میری خواہش ہے کہ مجھے وشال بھاردواج ڈائریکٹ کریں۔

پاکستانی اداکار نے وشال بھاردواج کی تعریف میں زمین آسمان ایک کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ان کی تمام فلمیں دیکھی ہیں جن میں ’اوم کارا‘، ’کمینے‘، ’حیدر‘، اور ’مقبول‘ شامل ہیں۔

بلال عباس کا کہنا تھا کہ وشال بھاردواج سینما کو بہت اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ اور میں ان فلموں کا حصہ بننے کا خواہشمند ہوں جس میں کرداروں کی پرفارمنس اور ایک طاقتور اسٹوری لائن ہو وشال بھاردواج میرے ہمیشہ سے پسندیدہ ہدایت کار رہے ہیں۔

واضح رہے کہ بلال عباس خان ان دنوں پاکستانی ہدایت کارہ مہرین جبار کی ویب سیریز ’ایک جھوٹی لو اسٹوری‘ میں مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔ جس میں ان کے مقابل مدیحہ امام اداکاری کررہی ہیں۔ یہ ویب سیریز بھارتی اسٹریمنگ چینل زی فائیو پر نشر کیا جارہی ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی حکومت نے گزشتہ کئی برسوں سے بالی وڈ میں پاکستانی فنکاروں کے کام کرنے پر پابندی عائد کی ہوئی ہے۔ 2016 میں اڑی حملے کے بعد راج ٹھاکرے کی ہندو انتہا پسند جماعت نے پاکستانی گلوکاروں کو 48 گھنٹوں کے اندر بھارت سے نکل جانے کا حکم دیا تھا اور یہ پابندی آج تک برقرار ہے۔ یہاں تک کہ کئی انتہاپسند ہندو جماعتوں نے بالی وڈ میں پاکستانی فنکاروں کا بائیکاٹ کیا ہوا ہے اور بڑی میوزک کمپنیوں کو دھمکیاں بھی دیں ہیں کہ اگر پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام کیا تو نتائج بھگتنے کے لیے تیار ہوجاؤ۔

Leave a reply