آئیے!دلوں کو زندہ کریں بقلم : مریم وفا

0
80

آئیے!دلوں کو زندہ کریں…!!!
(بقلم : مریم وفا)
دل،انسانی جسم کا بادشاہ…یہ شاداں و فرحاں ہو تو پورا جسم خوش باش،اور اگر یہ ملول وغمزدہ تو سارا جسم پریشاں حال…!!!
لیکن آج ہم میں سے اکثر کا یہی شکوہ ناں کہ کیا کریں کہ اللہ کا دیا بہت کچھ لیکن نہ جانے کیوں دل بہت پریشان،
کسی چیزکی کمی نہیں لیکن دل کو قرار نہیں ،اور یہی حقیقت بھی ہے کہ آج ہمارےگھروں میں کسی چیز کی کمی نہیں…مال ودولت کی فراوانی،آرائش و زیبائش کی کثرت،الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کی بھرمار،سوشل میڈیاکا چسکا اور نہ جانے کیا کچھ کہ سب نعمتیں اور لذتیں بیان سے باہر…لیکن ذہنی سکون اور دلی قرار سے ہم پھر بھی تہی دست…مگر کیا ہم نے کبھی سوچا کہ یہ سب کچھ کیوں ہے کہ اتنا کچھ ملنے کے باوجود بھی ہم بے قرار…؟؟؟
ذہنی آسودگی ہم سے دور بھاگتی ہے…دل کی آلائشیں برھتی ہی جارہیں…لیکن ہم پھر بھی دنیاوی لذات میں سکون ڈھونڈنے کے متلاشی…
حقیقت سے پھر بھی منہ موڑے ہوئے ہیں کہ قلب کی آسودگی اور ذہنی اطمینان کا علاج آخر کوئی تو ہو گا…نعمتوں کی بارش کرنے والا رب ہمیں یہ بھی تو یاد کروا رہا ہے ناں کہ نعمتوں کی کثرت کے باوجود بھی دل کی زمین پر بہار لانے کے لئےایک نسخہ لاجواب ہے،کہ میری یاد سے ہی تمہارے خزاں رسیدہ دلوں پر بہار آئے گی…تمہاری زندگیوں میں سکون در آئے گا…میری نعمتیں تمہارے لیے باعث صد سکون ثابت ہوں گی…بس میری یاد کی شمع اپنی زندگی میں روشن کرو, تمہاری زندگی کی اندھیر نگری چمک اٹھے گی…خزاں زدہ دلوں پر بہاریں لوٹ آئیں گی…کہ یہی توایک نسخہ!شافی ہے,بے سکون زندگیوں میں سکون و قرار کی روح پھونکنے کا…کرب واضطراب سے مضمحل دلوں میں راحت ونشاط کے گل کھلانے کا…!!!
یہ مال و دولت کے انبار،یہ سونے چاندی کے ڈھیر مانا کہ دنیاوی نعمتوں میں عظیم سہی لیکن قلبی سکون و اطمینان کے لیے ہمیں نعمتوں کے عطاکرنے والے رب کی یاد سے دلوں کو بسانا ہے کہ یہی ایک صورت ہے ہماری زندگیوں میں سکون و اطمینان لانے کی،ورنہ دنیاوی لذات کی کثرت ہمارے لئے کبھی بھی قلبی سکون کا موجب نہیں بن سکتی جب تک کہ ہم اپنے دلوں کو اپنے رب کی یاد سے نہ بسالیں….!!!

Leave a reply