عام انتخابات 2024، ملک بھر میں پولنگ کا وقت ختم
عام انتخابات، پاکستان بھر میں پولنگ کا عمل مکمل ہو گیا ہے،پولنگ صبح آٹھ بجے شروع ہوئی تھی جو شام پانچ بجے تک جاری رہی، لک بھر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، جو ووٹر پولنگ سٹیشن کے احاطے میں موجود ہیں وہ اب ووٹ ڈال سکیں گے، ملک بھر میں مجموعی طور پر پولنگ پر امن رہی، تا ہم انٹرنیٹ اور موبائل فون بند ہونے کی وجہ سے ووٹر کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا
عام انتخابات کے دوران قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں کیلئے 882 خواتین اور 4 خواجہ سراؤں سمیت ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ امیدوار وں نے حصہ لیا، جن کی تعداد 17 ہزار 816 بنتی ہے،الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق ملک بھر میں عوام کے ووٹ کا حق استعمال کرنے کیلئے 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشنز اور 2 لاکھ 66 ہزار 398 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔ملک بھر میں عام انتخابات کے دوران جاری پولنگ کیلئے 14 لاکھ 90 ہزار انتخابی عملہ الیکشن کی ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے، ہر حلقے کا غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے جاری کیا جائے گا۔
قبل ازیں ملک بھر میں ذمہ دار پاکستانی شہری اپنا ووٹ کاسٹ کرنے گھروں سے نکل آئے ،ملک بھر میں عوام کی کثیر تعداد نےاپنا حق رائے دہی استعمال کیا،مختلف پولنگ سٹیشنوں پر عوام کی ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے لمبی قطاریں موجود تھیں ،کراچی اور لاہور کی عوام بڑی تعداد میں انتخابی عمل میں حصہ لینے کے لیے پولنگ سٹیشنوں پر پہنچ گئی تھی،اسلام آباد کی عوام بھی اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کے لیے مختلف پولنگ سٹیشنوں پر پہنچی تھی ،وزیرستان کی عوام نے بھی ووٹنگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا،عوام کے مطابق پولنگ کا عمل پر سکون اور اطمینان بخش ہے.
بنوں،آزاد امیدوار نے پولنگ سٹیشن پر گولیاں چلا دیں
خٰیبر پختونخوا کے علاقے بنوں میں گولیاں چل گئیں، امیداور نےفائرنگ کر دی جس کے بعد پولنگ سٹیشن نمبر 104 پر پولنگ رک گئی،امیدوار نے پولنگ اسٹیشن پر فائرنگ کی جس سے عمارت کو جزوی نقصان پہنچا، پولیس حکام کے مطابق پی کے 99 سے آزاد امیدوار حلیم زادہ نے فائرنگ کی ہے، اس امیدوار کی پی ٹی آئی نے حمایت کر رکھی ہے، پریزائیڈنگ آفیسر کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعت کے امیدوار اسلحہ کی نوک پر بیلٹ پیپر چھین کر لے گئے ہیں
تلہ گنگ میں گولیاں چل گئیں،چار زخمی، گوجرانوالہ میں ایک زخمی، صادق آباد میں ڈنڈے چل گئے
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 59 تلہ گنگ میں انتخابی کیمپوں پر گولیاں چل گئیں،دو سیاسی جماعتوں کے مابین فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوئے ہیں، فائرنگ کا واقعہ اکوال میں پولنگ سٹیشن کے قریب آیا، پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی،پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد ریٹرننگ افسر نے پولنگ اسٹیشن پر پولنگ کاعمل روک دیا ہے جبکہ زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال تلہ گنگ منتقل کر دیا گیا ہے، دوسری جانب گوجرانوالہ میں بھی حلقہ این اے 79 میں گورنمنٹ ہائی اسکول واہنڈو پولنگ اسٹیشن پر پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے کارکنوں میں ہوا، جھگڑے میں ن لیگ کا ایک کارکن زخمی ہو گیا،صادق آباد کی چک نمبر 171کے پولنگ اسٹیشن پر بھی دو سیاسی جماعتوں میں جھگڑے کے دوران ڈنڈے لگنے سے 5 افراد زخمی ہو گئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے،ملتان۔ این اے 149 ، ن لیگ اور آزاد امیدوار کے سپوٹرز میں جھگڑا ہوا، کریم ٹاؤن کے پولنگ اسٹیشن پر ووٹ کی پرچی کاٹنے پر جھگڑا ہوا، کارکنوں نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی،
حلقہ پی پی 276 ،ن لیگ اور آزاد امیدوار کے کارکنان میں جھگرا،فائرنگ،16 زخمی
چوک سرور شہید: حلقہ پی پی 276 ، این اے 179 کے پولنگ اسٹیشن 68 چک نمبر 600 ٹی ڈی اے میں فائرنگ کا معاملہ ۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار امجد پرویز چانڈیہ اور آزاد امیدوار ملک مرتضی رحیم کھر کے کارکنان کے درمیان پیش آیا ،، فائرنگ کے نتیجے میں پاکستان مسلم لیگ ن کے 5 کارکن جبکہ آزاد امیدوار ملک مرتضی رحیم کھر کے 11 کارکن زخمی ہوگئے ، زخمی افراد کو فوراً ٹی ایچ کیو ہسپتال چوک سرور شہید منتقل کر دیا گیا ،4 افراد کو تشویشناک حالات میں نشتر ہسپتال ملتان ریفر کر دیا گیا،قومی حلقہ 174 پولنگ اسٹیشن چک نمبر 171 ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے ووٹرز میں تصادم پانچ افراد زخمی ہسپتال منتقل کر دیئے گئے،
ٹیکسلا، اٹک،حضرو میں پولنگ سٹیشن پر لڑائیاں،متعدد زخمی
حلقہ این اے 54 ٹیکسلا پی پی 12 میں گورنمنٹ بوائز ہائی سکول موہڑہ میں آئی پی پی کے سرور خان اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سعد علی گروپ کے کارکنوں میں جھگڑا ہوا، پولنگ سٹیشن کے باہر ہونے والے اس جھگڑے میں 4 افراد زخمی ہو گئے۔ حلقہ این اے 53 پنڈ جھاٹلہ میں خواتین کے پولنگ سٹیشن پر جھگڑا ہوا، جہاں خواتین آپس میں لڑ پڑیں۔ خواتین کے درمیان جھگڑا لائن میں دھکا لگنے کی وجہ سے شروع ہوا، پولیس اور انتخابی عملے نے جھگڑا ختم کروایا،این اے 49 اٹک میں مسلم لیگ( ن) اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں جھگڑا ہوگیا، جس کی وجہ سے 2 پولنگ سٹیشنز پر ووٹنگ کا عمل عارضی طور پر روکنا پڑا۔ پولنگ سٹیشن گورنمنٹ بوائز ہائی سکول بھانگی حضرو پر پولنگ کا عمل روکا گیا، اس کے علاوہ پولنگ سٹیشن یوسی آفس نارٹوپہ اٹک پر بھی پولنگ کا عمل روکنا پڑا ،بعد ازاں پولنگ دوبارہ شروع ہو گئی.
ہمایوں اختر خان کے ن لیگی امیدوار پر دھاندلی کے الزامات،پولنگ رک گئی
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 97 سے استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار ہمایوں اختر خان نے ن لیگی امیدوار علی گوہر بلوچ پر دھاندلی کے الزامات عائد کردیئے،این اے 97 کے پولنگ اسٹیشن 223 اور 224 پر دھاندلی کے الزام کے بعد پولنگ روک دی گئی ہے،دونوں پولنگ اسٹیشن مسلم لیگ ن کے امیدوار علی گوہر بلوچ کے آبائی گاؤں میں ہیں، پولنگ رُکنے کے بعد پولیس اور فوج کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے ہیں
ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی،فیصل آباد میں پولیس نے کیمپ اکھاڑ دیئے
فیصل آباد میں پولیس نے کیمپ اکھاڑ پھینکے ہیں، فیصل آباد میں پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے کیمپ اکھاڑے ہیں این اے 101 میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے کیمپ لگائے گئے تھے جو چارسو کلو میٹر کی حدود میں تھے، پولیس نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کیمپ اکھاڑے، پولیس نے مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتوں کے کیمپ اکھاڑے ہیں
سابق صدر آصف زرداری نے ووٹ کاسٹ کر دیا
نواب شاہ ۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے پولنگ اسٹیشن گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول ایل بی او ڈی کالونی میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا،آصف علی زرداری کاووٹر لسٹ میں سلسلہ نمبر 41,گھرانہ نمبر 11 ہے ، آصف علی زرداری کی پولنگ اسٹیشن آمد پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے، ووٹ کے وقت آصف علی زرداری کے سیکیورٹی پر مامور عملے نے پولنگ اسٹیشن و پولنگ بوتھ کو اپنے سیکیورٹی حصار میں لے رکھا تھا
نواز شریف، مریم نواز نے اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا
سابق وزیراعظم نوازشریف نے ووٹ کاسٹ کردیا،چیف آرگنائزر (ن)لیگ مریم نواز نے بھی ووٹ کاسٹ کردیا،لیگی قائدین نےاین اے128میں ووٹ کاسٹ کیا، نواز شریف اور مریم نواز ووٹ دینے پہنچے تو عون چودھری نے ان کا استقبال کیا،نواز شریف اور مریم نواز نے قومی اسمبلی کی سیٹ پر شیر پر مہر نہیں لگائی بلکہ عقاب کے نشان پر مہر لگائی اور آئی پی پی کے عون چودھری کو ووٹ دیا.اس موقع پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک سے مہنگائی کا خاتمہ ہو گا، لوگ خوشحال زندگی بسر کر سکیں گے،چیزیں سستی کریں گے، لوگوں کو ان کی دہلیز پر چیزیں میسر کریں گے، ووٹ سے ملک میں بدتہذیبی کا خاتمہ ہو گا،ملک میں ایک جماعت کومینڈیٹ ملناچاہیے مخلوط حکومت کانام نا لیں ایک پارٹی کی اکثریت ضروری ہےحمزہ شہباز اور مریم نواز نےجیلیں کاٹیں ہیں بدتمیزی اور بدتہذیبی کا کلچر ختم کرناہےعوام ووٹ ڈالنےباہر نکلیں۔
الیکشن انتظامات سے مطمئن نہیں ،مایوس کن اطلاعات ہیں، بیرسٹر گوہر
بونیر ۔ پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گووہر علی نے آبائی حلقہ میں ووٹ ڈال دیا،اس موقع پر بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ الیکشن انتظامات سے مطمئن نہیں ہوں، ابھی تک جو اطلاعات ہے وہ مایوس کن ہیں، انٹرنیٹ سروس بند کردنے سے شکوک وشبہات ہیں، پی ٹی آئی ورکرز تمام توجہ پولنگ اور نتائج پر مرکوز رکھے، بانی چیئرمین عوام کے خاطر جیل میں ہیں، اکثریت کو اقلیت میں بدلنے سے بہت بڑا نقصان ہو جائے گا،
حنیف عباسی موبائل لے کر ووٹ کاسٹ کرنے پہنچ گئے، کسی نے نہ روکا
ن لیگی رہنما، و امیدوار حنیف عباسی نے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑ ا دیں،الیکشن کمیشن نے سختی سے ہدایت کی تھی کہ پولنگ اسٹیشنز پر موبائل فون لانے کی اجازت نہیں ہوگی مگر ن لیگ کے امیدوار حنیف عباسی پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل لیکر پہنچے اور ووٹ بھی کاسٹ کیا۔حنیف عباسی کو پریذائیڈنگ افسر سمیت کسی نے نہیں روکا، حنیف عباسی کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موبائل فون انکے ہاتھ میں ہے
شیخوپورہ، کئی پولنگ سٹیشن پر جھگڑے، ایک پریذائیڈنگ افسر جھگڑے کے بعد فرار
شیخوپورہ کے حلقے این اے 115 میں پولنگ اسٹیشن نمبر 169 پر پریذائیڈنگ آفیسر اور پولنگ ایجنٹس کے درمیان جھگڑا ہوا ہے۔جس کے بعد پولنگ کا عمل رک گیا ہے، خیرو پور ملیاں میں بھی جھگڑا کے باعث پولنگ کا عمل رک گیا۔اسی طرح این اے114 پر بھی جھگڑا ہوا ہے جس کے بعد پریذائیڈنگ آفسیر فرار ہو گیا ہے، این اے115پولنگ اسٹیشن بوتھ نمبر 159مکتہ گاؤں میں بھی جھگڑا ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق پورب گاؤں فیکٹری ایریا کی حدودمیں بھی ووٹنگ کےدوران لڑائی جھگڑا ہوا ہے،پولیس کو مذکورہ علاقہ میں روانہ کردیا گیا ہے.
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کراچی میں اپنا ووٹ کاسٹ کردیا
صدر مملکت نے ووٹ ڈالنے کے بعد سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر پیغام میں کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں نمائندے منتخب کرنے کے لیے آپ کے ووٹ کے ذریعے آپ کی رائے مانگی ہے،ووٹ ڈالنا آپ کی اسلامی، آئینی اور شہری ذمہ داری ہے، میں بمعہ اہل و عیال اپنے پولنگ سٹیشن پر پہنچا، قطار میں کھڑے ہوئے اور ووٹ دیا، آپ سب سے بھی درخواست ہے کہ باہر نکلیں اور اپنا ووٹ کا حق استعمال کریں، آج پاکستان کو آپ کی رائے کی اتنی ضرورت ہے جتنی پہلے کبھی نہیں تھی،
الیکشن کمیشن مانیٹرنگ سیل میں 25 شکایت موصول
اسلام آباد سے پورے ملک میں انتخابات کی مانیٹرنگ جاری ہے،ترجمان الیکشن کمیشن ہارون شنواری کے مطابق مرکزی الیکشن مانیٹرنگ کنٹرول سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، ملک بھر میں قائم ریجنل اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ کنٹرول سینٹرز کے ساتھ ہر وقت رابطہ ہے، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ مرکزی الیکشن مانیٹرنگ کنٹرول سینٹر میں موجود ہیں اور وہ الیکشن کے عمل کی بذات خود نگرانی کر رہے ہیں، پولنگ کا عمل پُرامن طور پر جاری ہے، کسی بھی شکایت کی صورت میں 111327000-051 پر فوری رابطہ کیا جاسکتا ہے،الیکشن کمیشن مانیٹرنگ سیل میں 25 شکایت موصول ہو گئیں، ترجمان الیکشن کمیشن ہارون شنورای کے مطابق شکایات پولنگ تاخیر سے شروع ہونے کے متعلق ہیں،شکایات کا فوری ازالہ کر دیا گیا ہے ،ملک بھر میں پولنگ پرامن جاری ہے ،
حلقہ این اے 150 کے پولنگ اسٹیشن 118 میں خواتین پولنگ اسٹیشن پر مرد اہلکار تعینات
ملتان میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 150 کے پولنگ اسٹیشن 118 میں خواتین پولنگ اسٹیشن پر مرد اہلکار تعینات کردیے گئے ہیں،خاتون پولنگ ایجنٹ کے مطابق خواتین پولنگ اسٹیشن پر سیکیورٹی کے لیے پولیس خاتون اہلکار بھی نہیں دی گئی،خواتین پولنگ ایجنٹ کا کہنا ہے کہ مرد اہلکار پولنگ اسٹیشن کے باہر ہیں جبکہ پولنگ اسٹیشن کے اندر خاتون اہلکار نہیں ہیں.
کئی پولنگ سٹیشن پر صرف ن لیگ کا پولنگ ایجنٹ، کہیں پولنگ ایجنٹ کو باہر نکال دیا گیا
لاہور کے متعدد پولنگ اسٹیشنز میں پولنگ ایجنٹ غائب ہونے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہے،بیشتر پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا عمل صرف ایک جماعت کے پولنگ ایجنٹ سے شروع ہوا،لاہور کے حلقہ این اے 130 کے کئی پولنگ اسٹیشنز پر صرف ن لیگ کے ایجنٹ موجود ہیں،پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور ٹی ایل پی کے ایجنٹ پولنگ اسٹیشن پر موجود ہی نہیں،دوسری جانب اٹک کے حلقہ این اے 50ٹو میں آزاد امیدوار ایمان طاہر کے پولنگ ایجنٹ کو تمام پولنگ اسٹیشن پر باہر نکال دیا گیا ،آزاد امیدوار ایمان طاہر کے ایجنٹ نےپولنگ اسٹیشن کے باہر احتجاج کیا، ایجنٹس کا کہنا ہے کہ شفاف الیکشن کے نام پر دھاندلی جاری ہے،
شہباز شریف نے اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا
سابق وزیراعظم ،مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے اپنا ووٹ کاسٹ کر لیا،قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 128 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 82 پر اپنا ووٹ کاسٹ کرنے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہناتھا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے ووٹ ڈالیں گے تو ملک کی تقدیر بدلے گی،عوام نے نواز شریف کو موقع دیا تو سب مل کر ملک کی تقدیر بدلیں گے، نفرتیں اور کدورتیں دور کریں گے
ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد آصفہ بھٹو کا پیغام
پیپلز پارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا،آصفہ بھٹو نے نواب شاہ میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا، ووٹ دینے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر آصفہ بھٹو کا کہنا تھا کہ ووٹ ایک قومی فریضہ ہے، جسے میں نے تیر کے نشان پر مہر لگا کر ادا کردیا ہے،آئیے آپ بھی اس فرض کی ادائیگی کرتے ہوئے تیر کے نشان پر مہر لگائیں اور اپنے ووٹ کی طاقت سے بلاول بھٹو زرداری کو اس ملک کا وزیراعظم بنائیں
ووٹ ایک قومی فریضہ ہے، جسے میں نے تیر کے نشان پر مہر لگا کر ادا کردیا ہے! آئیے آپ بھی اس فرض کی ادائیگی کرتے ہوئے تیر کے نشان پر مہر لگائیں اور اپنے ووٹ کی طاقت سے بلاول بھٹو زرداری کو اس ملک کا وزیراعظم بنائیں۔#MeraVoteTeerKo#چنو_نئی_سوچ_کو pic.twitter.com/EeziVozH2a
— Aseefa B Zardari (@AseefaBZ) February 8, 2024
پیپلز پارٹی رہنما سعید غنی نے ووٹ کاسٹ کردیا، اس موقع پر سعید غنی کا کہنا تھا کہ اپنا ووٹ کاسٹ کردیا ہے، الیکشن کے دن موبائل بند کرنا درست عمل نہیں ، الیکشن کمیشن سے درخواست ہے کہ فوری موبائل سروس بحال کی جائے،موبائل بند کرنا غیر دانشمندانہ عمل ہے کوئی حادثہ ہوجائے تو کسی سے رابطہ بھی ممکن نہیں ہوسکتا.
کراچی کے ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کردیا،سلمان عبداللہ مراد نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 231 اولڈ تھانہ ملیر کے پولنگ اسٹیشن میں ووٹ کاسٹ کیا ایم کیو ایم کے سینئیر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا،ن لیگی رہنما مریم اورنگزیب نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا،سابقہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنا ووٹNA-19 صوابی میں کاسٹ کر دیا، چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نعیم اختر افغان نے اہلیہ کےہمراہ ووٹ کاسٹ کردیا۔چیف جسٹس اور ان کی اہلیہ نے بوائے سکاؤٹس ہیڈکوارٹر میں پولنگ سٹیشن پر ووٹ کاسٹ کیا،اس موقع پر انکا کہنا تھا کہ عوام آج اپنے بہترین نمائندے منتخب کرنے کے لئے اپنا ووٹ کاسٹ کریں،چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس نعیم اختر افغان پولنگ پر موجود پولنگ سٹاف اور ووٹرز سے گھل مل گئے،مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے ووٹ کاسٹ کر دیا،خواجہ آصف نے ایف جی اسکول کینٹ کے پولنگ اسٹیشن میں ووٹ کاسٹ کیا.نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا،اس موقع پر انکا کہنا تھا کہ آزادانہ اور شفاف انتخابات ملک میں جمہوریت کو مضبوط بناتے ہیں،سینیٹر اسحاق ڈار نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا، اسحاق ڈار نے ممتاز میموریل 26-J گلبرگ-III لاہور پولنگ اسٹیشن میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا، پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نےلالہ موسیٰ میں اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا ،پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے این اے201سکھر میں ووٹ کاسٹ کردیا ، پیپلزپارٹی کی رہنما شازیہ مری نے جام نوازعلی میں اپنا ووٹ کاسٹ کر لیا. پیپلزپارٹی کےرہنما نثارکھوڑو نےلاڑکانہ میں اپنا ووٹ کاسٹ کرلیا ،
ٹرن آؤٹ بڑھنے کا امکان ہے، سید سردار علی شاہ
عمرکوٹ پیپلزپارٹی امیدوار سید سردار علی شاہ نے مختلف پولنگ اسٹیشن کا دورہ کیا، سابق صوبائی وزیر تعلیم اور پی ایس 49 پیپلزپارٹی کے امیدوار سیدسردارعلی شاہ اپنے آبائی گاؤں کھاروڑوں سید میں ووٹ کاسٹ کردیا ، اس موقع پر انکا کہنا تھا کہ پولنگ پرامن ماحول میں اور بہتر انداز میں جاری ہے، صبح کا وقت ہے ٹرن آؤٹ بڑھنے کا امکان ہے، پرامن ماحول میں پولنگ ہو اور صاف شفاف انتخابات ہوں، انشااللہ جیت پیپلزپارٹی کی ہوگی، انشااللہ بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم ہونگے،
سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر عمر گل نے ووٹ کاسٹ کردیا ، اس موقع پر عمر گل کا کہنا تھا کہ بہتر پاکستان کیلئے میں نے آج اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ہے ، آپ لوگ بھی اپنے دوستوں اور اہل خانہ کے ہمراہ ووٹ کاسٹ کریں ،
جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ڈیرہ اسماعیل خان میں اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا
کئی حلقوں میں پولنگ تاخیر کا شکار
پولنگ کا وقت شروع ہونے کے باوجود کئی حلقوں میں پولنگ تاخیر کا شکار رہی،قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 48 شہزاد ٹاؤن کے پولنگ اسٹیشن پر پولنگ کے آغاز میں تاخیر ہوگئی ، شہزاد ٹاؤن کے پولنگ اسٹیشن کے باہر ووٹرز بڑی تعداد میں موجود ہیں تاہم عملہ پولنگ کے انتظامات میں مصروف ہے،کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 250 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 262 سے 265 پر بھی پولنگ شروع نہ ہوسکی۔ پولنگ اسٹیشنوں پریزائیڈنگ افسران کے نہ پہنچنے کے باعث پولنگ شروع نہیں ہو سکی ہے، پولنگ اسٹیشنز کے باہر ووٹرز کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں،خیبرپختونخوا کے علاقے بونیر میں سرد موسم کے باعث مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر بھی پولنگ تاخیر کا شکار ہوگئی ہے، بونیر کی پولنگ اسٹیشن نمبر 109 گرلز ڈگری کالج ڈگر میں پولنگ ایجنٹ اور ووٹرز ہی نہیں پہنچ سکے۔
ملک بھر میں موبائل سروس بند،دہشتگردی کا واقعہ ہوا تو ذمہ دار کون ہو گا؟ چیف الیکشن کمشنر
نگران حکومت اپنے وعدوں سے مکر گئی، کہا جا رہا تھا کہ انتخابات کے روزموبائل سروس کو بند نہیں کیا جائے گا تاہم ملک بھر میں موبائل سروس بند کر دی گئی، جس سے ووٹر کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، پشاور اور کراچی سمیت مختلف شہروں میں موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ کی سروس بند ہو چکی ہے،ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،ملک میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے،امن و امان قائم رکھنے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے حفاظتی اقدامات ضروری ہیں،دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس کی معطلی سے متعلق اپنے بیان میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن وزارت داخلہ کو انٹرنیٹ سروسز کے حوالے سے کوئی ہدایات نہیں دے گا،ہم کہیں موبائل سروس کھول دیں اور دہشتگردی کا کوئی واقعہ ہوجائے تو کون ذمہ دار ہوگا؟دوسری جانب موبائل سروس بند ہونے سے ووٹ کاسٹ کرنے میں شہریوں کو مشکلات کا سامناہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ 8300 پر جو پولنگ اسٹیشن پر بتایا گیا وہاں آیا وہ کہہ رہے ووٹ نہیں آیا ،سروس بندش سے بھی مشکلات کا سامنا ہے،ملک بھر میں الیکشن کمیشن کا 8300 ایس ایم ایس سروس بڑی طرح متاثر ہوئی ہے،کروڑوں ووٹرز اپنے ووٹ کے بارے میں معلومات حاصل کرنے سے محروم ہو گئے ہیں
موبائل سروس بند کرنا دھاندلی کی ابتدا ہے، مصطفیٰ نواز کھوکھر
انتخابات کے روز ملک بھر میں موبائل سروس بند ہونے پر مصطفی نواز کھوکھر خاموش نہ رہ سکے، کہتے ہیں کہ ملک بھر میں موبائل فون بند کرنا، دھاندلی کی ابتدا ہے، اسلام آباد کے دو حلقوں این اے 47، 48 سے آزاد امیدوار مصطفی نواز کھوکھر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں کہا کہ امیدواروں کا اپنے ایجنٹس اور انتخابی مشینری سے رابطہ کاٹنا سرا سر زیادتی ہے، کچھ عرصہ سے پولیس گردی کا بھی سامنا ہے، جب کہیں سے اطلاع آئے گی دیر ہو چکی ہو گی، دھونس اور دھاندلی کے الیکشنز نا منظور
فیصل آباد،این اے 100 میں پیپلز پارٹی کی ایم این اے کی میدوار سدرہ سعید بندیشہ پولنگ اسٹیشن پر پہنچ گئی،انکا کہنا تھا کہ پولنگ عملہ تاخیری حربے استعمال کر کے وقت ضائع کر رہا, انٹرنیٹ بند ہونے سے ووٹرز کو باہر نکالنے میں مشکل ہو رہی،دھاندہ میں پولنگ اسٹیشنز پر عملہ ووٹرز کو تنگ کر رہا,
غیرملکی مبصرین کا این اے 47 کے ایف 6 میں قائم پولنگ اسٹیشن کا دورہ
غیر ملکی مبصرین نے ایف سیکس ون میں پولنگ اسٹیشن کا دورہ کیا،غیر ملکی مبصرین نے پولنگ کا عمل کا جائزہ لیا،غیر ملکی مبصرین نے این اے 47 کے ایف 6 میں قائم پولنگ اسٹیشن کا دورہ کیا،غیر ملکی مبصرین نے انتخابی عمل کا جائزہ لیا ،انتخابی عمل کے جائزے کے بعد غیر ملکی مبصرین نے میڈیا سے گفتگو کی،ہیڈ آف کامن ویلتھ ابزرور گڈ لک کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انتخابات کا انعقاد خوش آیند ہے ، مختلف پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کی صورتحال سے مطمئن ہیں ، امید کرتے ہیں کہ ملک بھر میں سیکیورٹی کے بہترین انتظامات ہوں گے ،انتخابی عمل پر امن اور پُرسکون طریقے سے جاری ہے ،الیکشن کمیشن کے کئے گئے انتظامات سے مطمئن ہیں ، ابھی انتخابی عمل شروع ہوا ہے، امید کرتے ہیں کہ سارا دن پولنگ کا عمل اسی طرح بغیر کسی وقفے کےجاری رہے گا ،
آڈیو کے بعد عمران خان کی جیل سے تصویر بھی” لیک”
خواب کی تعبیر پر بڑے بڑے وزیر لگائے جاتے تھے،عون چودھری
بشری نے بچوں سے نہ ملنےدیا، کیا شرط رکھی؟ خان کیسے انگلیوں پر ناچا؟
شیر پر مہر لگانے کا کہنے والی ن لیگی قیادت خود عقاب پر مہر لگائیگی
ووٹ صرف اصل شناختی کارڈ پر ہی ڈالا جا سکے گا، الیکشن کمیشن
نتائج کب تک آئیں گے، اس پر کوئی حتمی وقت دینا ممکن نہیں، الیکشن کمیشن حکام
عمران خان کا مستقبل مخدوش،بلاول کی شاندار حکمت عملی،بشریٰ عمران کو سرپرائز دیگی؟ حسین حقانی
عمران خان کو سزا پر مبشر لقمان غمگین کیوں؟
تحریک انصاف آگے، حمزہ شہباز خطرے میں،عمران خان کو سزا،شریعت،قانون کیا کہتا؟
عمران ،بشریٰ بی بی غیر شرعی نکاح کیس ، عدالتی فیصلہ درست ہے، مفتی قوی
عمران بشریٰ شادی،عمران جھوٹ پر جھوٹ بولتے رہے، سب سامنے آ گیا