مرغی یا انڈہ؟ — ڈاکٹر حفیظ الحسن

0
48

یہ سوال سائنسی بھی ہے اور فلسفیانہ بھی۔ سائنسی اس اعتبار سے کہ اس سے ہمیں ارتقاء کے عمل کا پتہ چلتا ہے اور فلسفیانہ ایسے کہ اسے بطور استعارہ استعمال کیا جاتا ہے تب جب دو آپس میں جڑے واقعات میں یہ فیصلہ نہ ہو پائے کہ علت کیا ہے اور معلول کیا۔ یعنی کاز اور ایفکٹ۔

تو موجودہ سائنس اس بارے میں کیا کہتی ہے؟

مشہور امریکی سائنسدان اور سائنس کو عوامی کرنے کے ماہر Neil degrasse Tyson اسکا جواب کچھ یوں دیتے ہیں:

"کون پہلے آیا مرغی یا انڈہ؟ انڈہ جو اس پرندے نے دیا جو کہ مرغی نہیں تھا”۔

نظریہ ارتقاء کےتحت ہم یہ جانتے ہیں کہ مختلف جاندار ارتقاء پذیر ہو کر مختلف نسل کے جانداروں میں تقسیم ہوتے ہیں۔ اس حوالے سے موجودہ دور کی مرغیاں بھی کسی اور جاندار سے ارتقاء کے عمل کے تحت وجود میں آئیں ہیں۔

جانداروں میں ایسا انڈہ جسکے گرد حفاظتی جھلی ہو، اسے amniote egg کہا جاتا ہے۔ اس خصوصیت کے باعث اس طرح کے انڈے سمندروں کے علاوہ خشکی پر بھی جاندار دے سکتے ہیں۔ اگر فوسلز کے شواہد دیکھے جائیں تو خشکی پر دیا جانے والا انڈہ (مرغی کا نہیں) کسی ریپٹائل جانور کا آج سے 30 کروڑ سال پہلے کا ملتا ہے۔ یوں ہم کہہ سکتے ہیں کہ مرغی سے پہلے انڈہ آیا مگر کسی اور جاندار کا۔

مگر مرغی کے انڈے کے بارے میں کیا؟

موجودہ دور کی مرغی جسکا سائنسی نام Gallus domesticus ہے، انسانوں نے قریب چار ہزار سال پہلے پالنا شروع کیں۔ یہ مرغیاں جس پرندے سے ارتقاء پذیر ہوئیں وہ مرغیوں سے ملتا جلتا پرندہ Red Junglefowl ہے جو جنوب مشرقی ایشیاء میں پایا جانے والا ایک جنگلی پرندہ ہے۔

قدیم دور میں مرغوں کی لڑائی مختلف تہذیبوں کا ایک اہم حصہ رہی ہے۔ اسی بنا پر انسانوں نے مرغیوں کے ان اجداد کو پالنا شروع کیا اور ان میں مصنوعی چناؤ کے ذریعے انہیں موجودہ مرغی کی شکل میں لائے۔

اسی مصنوعی چناؤ کے دوران ایک ایسا پرندہ ارتقاء پذیر ہوا ہوگا جو مرغی نہیں ہو گا بلکہ مرغی سے ملتا جلتا ہو گا اسے ہم "پروٹو چکن” کہہ سکتے ہیں۔ اس پروٹو چکن کے انڈے میں جینیاتی تبدیلی یا میوٹیشن کے باعث جدید مرغی کا جنم ہوا ہو گا۔

ارتقاء کا عمل ایک مسلسل عمل ہے اور اس میں ہم ایک لکیر نہیں کھینچھ سکتے کہ اب ایک مکمل مختلف نسل کسی پرانی نسل سے جدا ہو چکی ہے۔
لہذا موجودہ مرغی سے پہلے وہ انڈہ آیا ہو گا جو تھا تو مرغی جیسے پرندے کا مگر اس میں تبدیلی کے باعث موجودہ مرغی وجود میں آ ئی۔

سو اس سوال کا جواب کہ مرغی پہلے آئی کہ انڈہ یہ ہے کہ یقینا انڈہ۔

ویسے اگر آپ دونوں آن لائن منگائیں تو کون پہلے آئے گا؟

Leave a reply