پاک سعودی تعلقات ایک نئی سطح پر پہنچ گئے،کشمیر پر دنیا نے ہمارا بیانیہ مان لیا،وزیراعظم

0
50

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، پاک۔سعودی تعلقات ایک نئی سطح پر پہنچ گئے ہیں

جدہ ۔ 19 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، پاک سعودی تعلقات ایک نئی سطح پر پہنچ گئے ہیں، سعودی عرب کے دورہ کا مقصد اقوام متحدہ جانے سے قبل سعودی لیڈرشپ کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرنا تھا۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو سعودی عرب میں مقیم مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ممتاز پاکستانیوں سے ملاقات کے دوران کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ میرا مقصد اقوام متحدہ جانے سے پہلے سعودی لیڈرشپ کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرنا تھا، ہم نے مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستانی قائداعظم محمد علی جناحؒ نے پہلے سے بھانپ لیا تھا کہ مسلمانوں کو ہندوستان میں اپنے حقوق نہیں ملیں گے جو کہ آج مودی کے اقدامات سے ثابت ہو چکا۔ انہوں نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات ایک نئے سطح پر پہنچ گئے ہیں، سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں ہماری مدد کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر میں ہمارے بھائی مشکل صورتحال سے گزر رہے ہیں، کشمیر ایک بین الاقوامی مسئلہ بن گیا ہے اور پوری دنیا ہمارے بیانیہ کو مان گئی ہے۔


وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کو کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان جو جمعرات کو سعودی عرب کے 2 روزہ سرکاری دورہ پر یہاں پہنچے، نے سعودی ولی عہد سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی اور دوطرفہ تعلقات پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے سعودی تیل تنصیبات پر حملہ کی پرزور مذمت کی۔ ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سیّد ذوالفقار عباس بخاری، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجہ علی اعجاز بھی موجود تھے.

وزیر اعظم عمران خان جمعرات کو سعودی عرب کے دو روزہ دورہ پر جدہ پہنچ گئے۔ جدہ کے رائل ٹرمینل پر مکہ کے گورنرخالد الفیصل بن عبد العزیز نے انکا استقبال کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی, مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ اور معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی سید ذولفقار بخاری بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیرراجہ علی اعجاز، قونصل جنرل خالد مجید، سعودی حکام اور قونصلیٹ کے افسران بھی موجود تھے

Leave a reply