جمعہ، 16 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع کو دہشت گردوں سے پاک کیا جائے گا،طارق فضل چوہدری

مصنف:

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور مستقل امن کے قیام کے بعد صوبے کا نظم و نسق صوبائی حکومت کے حوالے کر دیا جائے گا۔


اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم نے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی ہے اور خود اپوزیشن لیڈر سے کہا ہے کہ بیٹھ کر بات کریں۔ بامقصد مذاکرات کے لیے حکومت کے دروازے کھلے ہیں، اپوزیشن سنجیدہ اور بامقصد بات چیت کرنا چاہتی ہے تو اسے خوش آمدید کہیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ سے متعلق آئینی تقاضے پورے ہو چکے ہیں، جبکہ صوبے میں اب وہ تیسرا مرحلہ شروع ہو گیا ہے جس کے لیے ایمرجنسی نافذ کی گئی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے متاثرہ خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع کو دہشت گردوں سے پاک کیا جائے گا۔ صوبے میں ایسے علاقے موجود ہیں جہاں دہشت گردوں نے محفوظ پناہ گاہیں قائم کر رکھی ہیں۔ وفاقی حکومت کی اولین ترجیح دہشت گردی کا خاتمہ، امن کا قیام اور ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانا ہے۔

طارق فضل چوہدری نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کی محرومیوں کے ازالے اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے بھی روڈ میپ تیار ہے۔ ان کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا صوبائی حکومت کے اختیارات کا مکمل کنٹرول سنبھال چکے ہیں اور صوبے میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت نظر نہیں آئے گی۔وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ دہشت گردی پر قابو پانے کے بعد صوبے کا انتظامی نظام دوبارہ صوبائی حکومت کے حوالے کر دیا جائے گا۔