جمعرات، 5 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

امریکی ایوان نمائندگان پر ڈیموکریٹس کا کنٹرول,وزیر دفاع کے مواخذے کا امکان


امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ کو وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کے بعد ایران جنگ کے معاملے پر اپنی ہی جماعت کے بعض رہنماؤں کی بڑھتی ہوئی تنقید کا سامنا ہے-


ڈیموکریٹس کی کامیابی سے  پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی کوششوں میں تیزی آنے اور مزید ریپبلکنز ارکان کی حمایت ملنے کا امکان ہےسینیٹ کے ارکان ایران جنگ شروع کرنے کے فیصلے، اس کے طریقہ کار، کانگریس کو اعتماد میں نہ لینے اور جنگ کے اخراجات سے متعلق ہیگسیتھ سے جواب طلب کرنا چاہتے ہیں۔


ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی قرار داد ستمبر 2026 میں ڈیموکریٹس نے نہیں بلکہ ری پبلکن رکن کانگریس تھامس میسی نے پیش کی تھی، اس قرارداد پر ممکنہ ووٹنگ سے بچنے کے لیے ری پبلکن قیادت نے ستمبر میں ایوان کا اجلاس مقررہ وقت سے پہلے ختم کر دیا تھا۔


سی این این کے مطابق ریپبلکن پارٹی کے بعض رہنماؤں کا خیال ہے کہ ایران کے خلاف غیر مقبول جنگ کی ذمہ داری وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ پر عائد ہونی چاہیے، جسے پارٹی کی انتخابی شکست کی ایک وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔


وائٹ ہاؤس کے قریبی ایک ریپبلکن رہنما نے سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر صدر واقعی کسی کو اس جنگ کا ذمہ دار ٹھہرانا چاہتے ہیں تو وہ پیٹ ہیگسیتھ ہونے چاہئیں, ریپبلکن رکنِ کانگریس تھامس میسی نے وزیرِ دفاع کے خلاف مواخذے کی آٹھ دفعات پیش کر دی ہیں اور ایوانِ نمائندگان میں اس معاملے پر ووٹنگ کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔


دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو صحافیوں سے گفتگو میں وزیرِ دفاع کو عہدے سے ہٹانے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں ہیگسیتھ بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔


ریپبلکن سینیٹر تھام ٹلس نے بھی خبردار کیا ہے کہ وزیرِ دفاع کو اپنے اقدامات پر جواب دہی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے انہوں نے دفاعی اخراجات کے معاملے پر قانون سازوں کے ساتھ اختلافات کا حوالہ دیا۔


ادھر ڈیموکریٹس نے پینٹاگون میں پیٹ ہیگسیتھ کی قیادت کے حوالے سے تحقیقات کرانے کا اعلان کیا ہے۔ ان تحقیقات میں ایران جنگ سے نمٹنے کے طریقہ کار، اعلیٰ فوجی افسران کو عہدوں سے ہٹانے اور لاطینی امریکا میں فوجی کارروائیوں کے معاملات بھی شامل ہوں گے۔