تھل جیپ ریلی اور تھل میلے کا آغاز ہو گیا

لیہ کے علاقے چوبارہ میں تھل جیپ ریلی اور تھل میلے کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جو آئندہ چار روز تک جاری رہے گا۔
ڈپٹی کمشنر لیہ آصف علی ڈوگر نے فیتہ کاٹ کر تھل جیپ ریلی اور تھل میلے کی تقریبات کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب کے ساتھ ہی صحرائے تھل میں چار روزہ سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، جس میں ملک بھر سے آنے والے ریسرز، سیاحوں، شہریوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی دلچسپی نمایاں دکھائی دے رہی ہے۔
اس مرتبہ بھی تھل کی ریت پر رفتار کے مقابلے اور ثقافتی سرگرمیوں کا منفرد امتزاج دیکھنے کو مل رہا ہے۔ تھل جیپ ریلی اس ایونٹ کی سب سے بڑی توجہ کا مرکز ہے۔ دو سو کلومیٹر طویل دشوار گزار ٹریک پر سو سے زائد ریسرز اپنی مہارت، تجربے اور ڈرائیونگ کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے-
اس چار روزہ میلے کی خوبصورتی صرف جیپ ریلی تک محدود نہیں، بلکہ یہاں لگائے گئے مختلف اسٹالز نے بھی شہریوں اور سیاحوں کی توجہ حاصل کر رکھی ہے۔ کہیں مقامی ثقافت کی عکاسی کرتے رنگا رنگ اسٹالز موجود ہیں تو کہیں روایتی اشیاء، دستکاری اور روزمرہ استعمال کی مصنوعات فروخت کے لیے رکھی گئی ہیں۔
شہری نہ صرف ان اسٹالز کا رخ کر رہے ہیں بلکہ خریداری میں بھی دلچسپی لے رہے ہیں۔ مختلف اسٹالز پر لوگوں کی آمدورفت اور خریداری کا سلسلہ میلے کی رونقوں میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔ ثقافتی اسٹالز اس میلے کا ایک اہم اور دلکش پہلو ہیں، جہاں تھل کی روایات، رہن سہن، مقامی ہنر اور ثقافتی ورثے کو نمایاں کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں





