جمعرات، 5 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

شہرت کی اندھی دوڑ انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن گئی، حافظ مسعود اظہر

hafi masood ahar
مصنف:

لاہور ( )پاکستان اسلامک کونسل کے چئیرمین اور جامعہ سعیدیہ سلفیہ کے ڈائریکٹر حافظ مسعود اظہر نے کہا ہے کہ ٹک ٹاکرز پہلے لوگوں کے ایمان اور اخلاقیات سے کھیلتے تھے ا ب انسانی جانوں سے بھی کھیلنے لگے ہیں۔ سیالکوٹ کے فراز اسٹیڈیم میں بھگدڑ مچنے کے نتیجے میں دو افراد کی ہلاکت اور 13 افراد کے شدید زخمی ہونے کے افسوس ناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے انھوں نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر شہرت اور مقبولیت حاصل کرنے کی اندھی دوڑ اب انسانی جانوں کے لیے بھی خطرہ بنتی جا رہی ہے۔ افسوس ناک امر یہ ہے کہ بعض ٹک ٹاکرز پہلے لوگوں کے ایمان، اخلاقیات، خاندانی اقدار اور معاشرتی روایات سے کھیلتے رہے ہیں اور اب اپنی شہرت، ویوز اور فالوورز بڑھانے کے لیے انسانی جانوں کو بھی خطرے میں ڈالنے لگے ہیں۔ سوشل میڈیا کا استعمال یا اس کے ذریعے مقبولیت حاصل کرنا بذاتِ خود کوئی برائی نہیں، لیکن اس کے لیے معاشرتی اقدار پامال کرنا، نوجوان نسل کو غیر اخلاقی سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا اور عوامی اجتماعات میں حفاظتی انتظامات نظر انداز کرکے لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ چند لمحوں کی شہرت اور ہزاروں ویوز انسانی جانوں کے ضیاع کا جواز نہیں بن سکتے۔ دو قیمتی انسانی جانوں کا چلے جانا اور 13 افراد کا شدید زخمی ہونا انتہائی المناک سانحہ ہے، جس نے سنجیدہ حلقوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ہمارا مطالبہ ہے کہ واقعے کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائی جائیں حادثے کے اسباب اور انتظامی کوتاہیوں کا تعین کیا جائے اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات اور متاثرہ خاندانوں کو مناسب مالی معاونت فراہم کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا شہرت کا ذریعہ ضرور ہے، مگر اسے اخلاقی بگاڑ اور انسانی جانوں کے لیے خطرے کا وسیلہ نہیں بننا چاہیے۔ ٹک ٹاکرز اور تمام ڈیجیٹل انفلوئنسرز کو اپنی سماجی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے نوجوان نسل کی اخلاقی تربیت، مثبت سوچ اور تعمیری سرگرمیوں کے فروغ میں کردار ادا کرنا چاہیے۔ انسانی جان کا تحفظ ہر شہرت تفریح اور مقبولیت سے مقدم ہے۔