2035 تک اسلام دنیا کا سب سے بڑا مذہب بن سکتا ہے، پیو ریسرچ سینٹر کی پیشگوئی

واشنگٹن: امریکی ادارے پیو ریسرچ سینٹر کی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دنیا کی مذہبی آبادی میں بڑی تبدیلی متوقع ہے اور 2035 تک مسلمانوں کی تعداد عیسائیوں سے بڑھ سکتی ہے، جس کے نتیجے میں اسلام دنیا کا سب سے بڑا مذہب بن سکتا ہے۔
پیو ریسرچ سینٹر کی رپورٹ کے مطابق آنے والی دہائیوں میں مسلمانوں اور عیسائیوں دونوں کی آبادی میں اضافہ متوقع ہے، تاہم مسلمانوں کی آبادی میں اضافے کی رفتار عیسائیوں کے مقابلے میں زیادہ تیز رہنے کا امکان ہے۔رپورٹ میں تخمینہ لگایا گیا ہے کہ 2035 تک دنیا بھر میں مسلمانوں کی تعداد تقریباً 2 ارب 57 کروڑ جبکہ عیسائیوں کی آبادی 2 ارب 52 کروڑ تک پہنچ سکتی ہے۔تحقیق کے مطابق مسلمانوں کی آبادی میں اضافے کی بنیادی وجوہات نسبتاً زیادہ شرح پیدائش اور مسلم آبادی میں نوجوانوں کا زیادہ تناسب ہیں۔پیو ریسرچ سینٹر کی رپورٹ میں پاکستان کے حوالے سے بھی اہم پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے مطابق پاکستان مستقبل میں دنیا کی سب سے بڑی مسلم آبادی والا ملک بن سکتا ہے۔ تخمینے کے مطابق 2070 تک پاکستان میں مسلمانوں کی تعداد تقریباً 46 کروڑ تک پہنچنے کا امکان ہے، جس کے بعد پاکستان مسلم آبادی کے لحاظ سے انڈونیشیا کو پیچھے چھوڑ سکتا ہے۔
دوسری جانب رپورٹ میں یہ امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ جمہوریہ کانگو عیسائی آبادی کے لحاظ سے امریکا کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کا سب سے زیادہ عیسائی آبادی والا ملک بن سکتا ہے۔
مزید پڑھیں





