انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شمولیت کے لیے طارق فضل چوہدری کی پی ٹی آئی کو دوبارہ دعوت

اسلام آباد: حکومتی چیف وہپ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اپوزیشن کے چیف وہپ عامر ڈوگر سے ملاقات کی، جس میں انتخابی اصلاحات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل اور اس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی شمولیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کو انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اتحادی جماعتوں کی جانب سے کمیٹی کے لیے تمام نام موصول ہو چکے ہیں، تاہم اپوزیشن کی جانب سے ابھی تک نام فائنل نہیں کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی کی تشکیل میں اگر کوئی رکاوٹ ہے تو وہ اپوزیشن کی جانب سے اپنے نام نہ دینا ہے۔ امید ہے کہ اپوزیشن جلد اپنے نام فائنل کر دے گی، جس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی مین اسٹریم سیاست میں واپس آنا چاہتی ہے تو اسے انتخابی اصلاحات کمیٹی کا حصہ بننا چاہیے۔ کمیٹی میں شمولیت سے انتخابات سے متعلق پی ٹی آئی کے تحفظات دور کرنے میں مدد ملے گی اور انتخابی عمل کے حوالے سے اس کی مثبت تجاویز کو بھی مسودے میں شامل کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی میں موجودہ حالات و واقعات پر بھی بات ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب اپوزیشن کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے انہیں پارلیمانی کمیٹی کے لیے اپنے نام ارسال کرنے کا کہا ہے۔عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس تاخیر کا شکار ہونے کے باعث وہ پارلیمانی کمیٹی کے معاملے پر مشاورت نہیں کر سکے۔ انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شمولیت کے حوالے سے اپنی پارلیمانی قیادت اور اپوزیشن لیڈرز سے مشاورت کریں گے، جس کے بعد آئندہ کا فیصلہ کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں





