کراچی ایئرپورٹ: لفٹر سے اٹھاتے ہی ہائبرڈ کار میں آگ بھڑک اٹھی

کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی پارکنگ میں لفٹر کے ذریعے اٹھانے کے دوران لاکھوں روپے مالیت کی ہائبرڈ کار میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں قیمتی گاڑی مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق واقعہ گزشتہ ہفتے جناح ٹرمینل کی پارکنگ میں پیش آیا، جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی گاڑی نو پارکنگ کے مقام پر کھڑی کر رکھی تھی۔ پارکنگ کا انتظام سنبھالنے والی نجی کمپنی کے لفٹر آپریٹر نے گاڑی اٹھائی تو اسی دوران اس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔لفٹر ڈرائیور جلتی ہوئی گاڑی کو دیگر گاڑیوں سے بچاتے ہوئے پارکنگ کے ایک سنسان مقام پر منتقل کرنے میں کامیاب ہوگیا، تاہم ایئرپورٹس اتھارٹی کے فائر فائٹرز کے پہنچنے تک گاڑی مکمل طور پر جل چکی تھی۔عینی شاہدین نے جیو نیوز کو بتایا کہ گاڑی ہائبرڈ تھی اور لفٹنگ کے دوران مبینہ طور پر وائرنگ شارٹ ہونے سے اس کی حساس بیٹریوں نے آگ پکڑ لی۔ ایئرپورٹ حکام نے بھی تصدیق کی کہ گاڑی کو لفٹنگ کے دوران آگ لگی۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق نجی کمپنی کے لفٹر آپریٹرز مبینہ طور پر غیر تربیت یافتہ ہیں، جس کے باعث گاڑیاں اٹھانے کے دوران اکثر نقصان پہنچتا ہے۔ ذرائع نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ بھاری جرمانے وصول کرنے کے لیے بعض اوقات غیر ضروری طور پر بھی گاڑیاں اٹھائی جاتی ہیں۔دوسری جانب گاڑی کے مالک کی جانب سے نجی کمپنی کے خلاف نقصان کا دعویٰ دائر کرنے کی اطلاع ہے۔ذرائع کے مطابق جناح ٹرمینل کی پارکنگ میں بیک وقت سیکڑوں گاڑیاں کھڑی ہوتی ہیں، لیکن وہاں فائر ہائیڈرینٹ سمیت آگ بجھانے کے فوری اور مؤثر انتظامات موجود نہیں، جس سے کسی بڑے حادثے کی صورت میں مزید نقصان کا خدشہ پیدا ہوسکتا ہے۔
مزید پڑھیں





