چیونٹیوں کی ایک لمبی سی قطار ملبے کے ڈھیروں میں سے راستہ بناتے ہوئے جا رہی تھی۔ مسفرہ چلتے چلتے رک گئی۔ ساکت ہو کر بے اختیار قطار کو گھورنے لگی۔ اگلے ہی لمحے وہ ہاتھوں میں پکڑے پتوں اور ٹہنیوں کو پھینک کر دیوانہ وار قطار کے ساتھ ساتھ چلنے لگی۔ ایک جگہ جا کر قطار رک گئی۔ چیونٹیاں اِدھر اُدھر منتشر ہونے لگیں۔ وہ سمجھ گئی کہ اس کی منزلِ مقصود یہی جگہ ہے۔ وہ زمین پر بیٹھ گئی اور اپنے نازک ہاتھوں سے ملبہ ہٹانے لگی۔ اس کی سانس دھونکنی کی طرح چل رہی تھی، اس کی انگلیاں زخمی ہونے لگیں مگر اس نے ہمت نہیں ہاری۔ منتظر، بوجھل لمحے گزرتے گئے۔ آہ۔۔۔ہ ہ ہ۔۔۔۔۔ ایک لمبی سرد آہ کھینچ کر اس نے ملبے تلے دبے اس زخمی بچے کو نکال لیا جس کی ٹانگ پر چیونٹیاں رینگ رہی تھیں۔ بے قراری سے اس نے بچے پر سے مٹی جھاڑی۔ وہ اندازاً پانچ، چھ سال کا ہو گا۔ اس نے اسے اوپر اٹھا لیا اور حالت اضطراب میں اپنا کان اس کے سینے سے لگا کر سننے لگی۔ دھک۔۔۔۔دھک۔۔دھک۔۔۔ اس دھڑکن کی لے پر بے جان پتھربھی دھڑک رہے ہیں۔۔۔دھڑکن کے آہنگ نے امید کو زندہ رکھا ہو ا ہے۔ اس نے جوش جذبات میں نعرہ لگایا۔۔۔آزاد ہے القدس، آزاد رہے گا۔۔۔ضرغام کی دھاڑوں سے جہاں گونج رہا ہے۔۔۔
وہ زخمی بچوں کو علاج معالجہ کرانے کے بعد شہادت کے لیے تیار کرتی ہے۔ ہسپتال پہنچنے کے بعد مسفرہ کا بہترین استقبال ہو تا ہے، کیوں؟؟ کیونکہ وہ مجاہد تیار کرتی ہے۔ امیدوں کے گوہرِ نایاب بانٹتی ہے۔ ہسپتال میں بہت سے ایسے بچوں کے ساتھ تیرہ سالہ احمد بھی ہے جو کہ بری طرح زخمی تھا۔ اب تیزی سے صحتیاب ہو رہا ہے۔ اب مسفرہ ہی اس کی سب کچھ ہے۔ جب والدین اپنے شیرخواروں کی لاشیں سینے سے لگائے بلکتے ہیں تو وہ ان کے آنسو پونچھ کر صبر، برداشت اور بہادری کا مظاہرہ کرنے کو کہتی ہے۔
وہ اپنے دو بیٹوں،دو بیٹیوں، شوہر اور چھوٹی بہن کے ساتھ ساتھ بہت سارے نامانوس رشتوں کی اجتماعی قبر کے کنارے کچی پکی دیواروں والے ایک کمرے میں رہتی ہے۔ اسے اپنی سات سالہ بیٹی کی ایک ایک ادا یاد تھی۔ مشکوٰۃ کو پھولوں سے بڑا لگاو تھا۔ وہ اپنی البم میں پھول رکھ کر سُکھاتی تھی۔ ان کی خوشبو کاغذ کے دریچوں میں امر ہو جاتی تھی اور وہ خود لافانی ہو جاتے تھے۔نواف جو کہ مشکوٰۃ سے بڑا تھا زیتون کے پک کر نیچے گرے ہوئے پھلوں کو چنتا تھا۔ حسام اس کا سب سے بڑا بیٹا تھا۔ وہ انجیر کے درختوں پر پھل کترتی گلہریوں کے پیچھے بھاگا کرتا تھا۔ اور اس کی سب سے چھوٹی شہزادی۔۔۔ "امل"۔۔۔"مسخن" بہت شوق سے کھاتی تھی جبکہ "مقلوبہ" آئے دن پکتا تھا۔ حسام کو فوج میں جانے کا بڑا شوق تھا تا کہ وہ القدس کو آزاد کرا سکے۔ اسے اڑتے جہازوں اور جنگی مشقوں سے گہری دلچسپی تھی۔ مسفرہ کا شوہر طلحہ بچوں پر جان چھٹرکنے والا باپ تھا۔ فلسطین کی لوک کہانیاں وہ اکژ انہیں سناتا تھا۔ قرآنِ کریم کی سورۃ البقرہ کی آیت ۱۵۲ میں حضرت داودؑ نے کس طرح سرکش اور نافرمان "جالوت" کو شکستِ فاش دی اور یہ کہ ہمیں بھی انہیں کی طرح بننا ہے، فاتح۔۔۔مدبر۔۔۔زیرک۔۔۔ اس کے علاوہ اسرائیلی قوم کی طرف بہت سے پیغمبرانِ کرام بھیجے گئے۔۔۔ان میں ذوالکفلؑ پیغمبر کا نام نمایاں ہے۔
اُس دن بھی وہ بربریت کے شاہکاروں میں گھوم رہی تھی اچانک اس نے ایک بچے کو تیزی سے اپنی مخالف سمت بھاگتے دیکھا۔ اے پیارے بچے!رک جاو۔۔بچہ اپنی جگہ رک کر ایڑھیوں کے بل مسفرہ کی طرف گھوم گیا۔کون ہوتم؟؟وہ اس گول مٹول سرخ و سفید بچے سے مخاطب ہوئی۔
وہ۔۔۔وہ۔۔میں نے آج بھی۔۔۔بدلہ لے لیا ان سے۔ پھولی سانسوں کے درمیان بچے نے بتایا۔۔کن سے؟؟ حیرت سے اس نے پوچھا۔۔اُن سے جنہوں نے میرے بابا، ماما۔۔۔۔کو مارا۔۔۔کیسے لیا بدلہ ان جنونیوں سے۔۔۔اُسے اب بچے سے دلچسپی پیدا ہو چلی تھی۔ میں روزانہ وہاں بیٹھ جاتا ہوں۔۔ہاتھ سے دور اشارہ کرتے ہوئے وہ بتانے لگا۔ بہت سارے پتھر لے کر۔۔۔وہ جب وہاں سے گذرتے ہیں تو ان کی گاڑیوں پر پتھر مارتا ہوں۔۔۔معصوم سے مجاہد کے لہجے میں فخر بول رہا تھا۔ مسفرہ کی نظریں آسمان کی طرف اٹھ گئیں۔۔انگاروں کی لپک ایک نرم سی چاندنی میں ڈھلے گی۔۔کیونکہ ہر دھماکے سے رباعیاں پھوٹ رہی ہیں۔ سنو! سنو! کہ دریا جوش سے ابل رہے ہیں۔ ہر بربادی کا انجام تباہی نہیں ہوتا۔ بلکہ مٹنے کے بعد کھلنے والے شگوفے زیادہ بہار آفریں اور دلفریب ہوتے ہیں۔ سنو میرے بیٹے!!! اُس نے لپک کر بچے کو گلے سے لگا لیا۔ تم جہادمیں اپنا حصہ ڈال رہے ہو۔۔۔میں تمہیں مجاہد دوں گی۔۔۔تم انہیں ہتھیار دینا۔۔اس نے جھک کر بچے کے دونوں ہاتھوں کو چوم لیا۔
کنعان۔۔۔ کنعان۔۔۔ اچانک ایک نسوانی آواز پر اس کا طلسم ٹوٹ گیا۔ بچہ اپنے ہاتھ چھڑا کر تیزی سے آواز کی سمت بھاگا۔۔۔جد۔۔۔ہ۔۔۔۔ایک بوڑھی عورت ڈھلان کی طرف سے آرہی تھی۔ مسفرہ بچے کے تعاقب میں گئی۔۔۔بوڑھی عورت کے پاس پہنچ کر وہ رک گیا عورت اسے نظر انداز کرتی ہوئی بچے کا ہاتھ پکڑ کر ایک گھر کی طرف بڑھنے لگی۔۔۔دروازے کا ایک پٹ جھول رہا تھا۔ چھت سے ایک ادھوری اور مرجھائی ہوئی بیل کا تازہ پھول جھانک رہا تھا۔ کاسنی رنگ کا۔۔بارود کے تعفن میں اپنی خوشبو پر نازاں و فرحاں۔۔ہوا سے جھوم رہا تھا۔ گھر کے قریب پہنچ کر بوڑھی عورت رک گئی۔
اپنی آنکھوں پر اپنے ہاتھوں کا چھجا بنا کر وہ مسفرہ کو چندھی آنکھوں سے دیکھنے لگی۔ ارغوانی شراب کے رنگ جیسے بالوں کی وجہ سے اس کا سرخ و سفید رنگ دمک رہا تھا۔ شباہت کنعان جیسی تھی۔ مسفرہ کی نگاہ پھسلتی ہوئی کمرے کے اندر رکھی چھوٹی سی میز پر پڑی وہاں کانچ کے چھوٹے سے پیالے میں سرسوں کا تیل تھا۔ اس کے اندر گلاب کی پنکھڑیاں ڈوبی پڑی تھیں۔۔گویا یہ رعنائیوں کے خاتمے اور گھر کی تباہی کا اعلان تھا۔
کیوں آئی ہو تم؟؟ مجھے کچھ نہیں سننا۔ اب تم کہو گی کہ میرے بھی بچے مر گئے۔۔بہن بھائی گولیوں کا نشانہ بن گئے۔۔تو کیا کروں میں! غیظ و غضب سے بولتی بڑھیا سانس لینے کو ذرا تھمی۔۔۔کنعان مضطرب سا مسفرہ کو گھورے جا رہا تھا۔ جانتی ہو سب ختم ہوا جا رہا ہے۔کسی نے کیا کیا ہمارے لیے؟ تم کیا کر رہی ہو خود کے لیے؟ کنعان کے لیے؟ فلسطین کے لیے؟آزاد ی کے گلزاروں کے لیے کتنا خون دیا؟؟ وہ ہلکی سی مسکان لیے کہتی گئی۔ اب جو کرنا ہے ہم نے مل کر کرنا ہے۔ مت دیکھو کسی سہارے کی طرف۔۔۔اچانک ایک کان پھاڑ دینے والا دھماکہ سنائی دیا۔۔مسفرہ نے دوڑ کر بڑھیا کو تھاما جو آواز کی شدت سے لڑکھڑا گئی تھی۔ اب ہمارا کام شروع۔۔ اس نے خود پر قابو پاتے ہوئے مرتعش آواز میں کہا اور باہر کی طرف دوڑ لگا دی۔ دھماکے کی آواز کا اندازے سے تعین کرتی ہوئی وہ آگے بڑھتی گئی۔ اسے جلد از جلد اپناکام کرنا تھا۔۔زخمی بچوں کو بچانا تھا، مجاہد بنانے کے لیے اور شہید ہونے والوں کو بڑے حوصلے سے الوداع کہنا تھا۔
ہسپتال میں آہ و بکا تھی۔ زخمی اور درد سے نڈھال کراہیں تھیں۔ جانے والوں کے غم میں گریہ تھا۔ وہ تیزی سے وارڈ کو جائزہ لیتی ہوئی آگے بڑھ رہی تھی۔ ایک بچی پر اس کی نطریں ٹک گئیں۔ وہ اپنی ماں سے لپٹی بیٹھی تھی اور اس کی ایک آنکھ ضائع ہو گئی تھی وہ درد سے چلا رہی تھی۔ وہ آہستہ آہستہ چلتی ہوئی اس کے قریب آ گئی۔ اسے کیا کہنا چاہیے؟ کہ ہم ہار نہیں مانیں گے؟ آزادی کے لیے آخری سانسوں تک لڑیں گے؟؟ تمام رشتے کھو دیں گے۔۔۔مگر اپنی پہچان نہیں کھوئیں گے۔۔۔یکا یک بچی پرسکون ہو گئی۔ مسفرہ کی سچی تعبیروں سے سجی آنکھوں کی زبان وہ سمجھ چکی تھی۔
کنعان ہانپتا ہوا گھر میں داخل ہوا۔ جدہ نے چونک کر اسے دیکھا۔۔۔وہ بہت جلدی میں لگ رہا تھا۔ آتے ہی اس نے میز پر رکھی پانی کی بوتل اٹھائی اور باہر کی طرف تیز قدموں سے چل پڑا۔ جدہ کو اس پر پیار آ گیا۔۔میرے بچے کہاں جا رہے ہو؟ انہیں معلوم تھا کہ وہ بہت رحمدل ہے۔ پہلا گمان یہی گذرا کہ کسی زخمی پرندے یا جانور کو پانی پلانے کے لیے جا رہا ہے۔
وہ۔۔ایک اسرائیلی فوجی مر رہا ہے۔
میں اسے پانی دکھا کر تڑپا تڑپا کر مار دونگا۔
ان کے بدن میں ایک بجلی بھر گئی۔ وہ تیزی سے پلٹ کر مضبوط قدموں سے الماری کی طرف بڑھیں۔ اس میں سے گن اٹھائی اور تیزی سے باہر کی جانب لپکیں۔ ان سے دور ہوتا کنعان۔۔۔دم توڑتے اسرائیلی فوجی کے قریب ہوتا جا رہا تھا۔ نہیں نہیں اسے بچنا نہیں چاہیے۔انہوں نے بندوق کی نال سیدھی کر کے آنکھ کی جھری سے لگا لی۔ قیامت خیز لمحے دم سادھے گذرتے گئے۔ پسینہ ان کے مساموں سے پھوٹ پڑا۔ پورے بدن کی طاقت صرف کر کے انہوں نے انگلی سے لبلبی دبائی۔
میں چاھتی ہوں کہ تم جلدی سے مر جاؤ اور دردناک عذاب کا مزہ چکھو۔وہ عذابِ الیم جو تم جیسے جہنمیوں کے لۓ ربِ ذوالجلال نے تیار کر رکھا ہے۔
اللّہ اکبر۔
اس کے ساتھ ہی کان پھاڑ دینے والے دھماکے کی آواز آئ۔اسرائیلی زور سے تڑپا اور چند لمحوں کے بعد ساکت ہو گیا۔
قریب آتی مسفرہ نے آواز سنی اور اس طرف دوڑ لگا دی۔
مزید پڑھیں





