بھارت سے مذاکرات کی بحالی نئی دہلی کے طرز عمل سے مشروط ہے، اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کا انحصار نئی دہلی کے طرز عمل پر ہے، جبکہ بھارت سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل نہیں کرسکتا۔
غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارتی کوششوں پر یقین رکھتا ہے۔ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کا واحد حل مذاکرات ہیں۔ جنگ شروع ہوتے ہی ایرانی وزیر خارجہ سے رابطہ کرکے انہیں تحمل کا مشورہ دیا تھا۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے عالمی تنازعات کے پُرامن حل کے لیے کوشاں ہے۔ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے نئے سکیورٹی فریم ورک کی تشکیل وقت کی اہم ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بلاک پولیٹکس مسائل کا حل نہیں، پاکستان امریکا اور چین دونوں کے ساتھ متوازن تعلقات برقرار رکھے گا۔اسحاق ڈار نے بتایا کہ پاکستان، سعودی عرب، ترکیے اور مصر پر مشتمل آر فور (R4) ممالک کا اجلاس آئندہ ماہ جرمنی میں ہوگا۔ استنبول اجلاس میں یورپی ممالک کی شمولیت کے بعد یہ فورم ای فور (E4) کی شکل اختیار کرچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے تسلسل کے لیے یورپ کی حمایت چاہتا ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی فورس بھی تشکیل دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں




