امیتابھ بچن کے بعد ابھیشیک بچن کو بھی جان سے مارنے کی دھمکیاں

ممبئی: بالی وڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کے بعد ان کے اکلوتے بیٹے اور اداکار ابھیشیک بچن کو بھی گینگسٹر کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امیتابھ بچن نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک مختصر پوسٹ شیئر کی تھی، جس میں انہوں نے صرف ’’بچ گئے‘‘ کے الفاظ لکھے تھے۔ اس پوسٹ کے بعد امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن کو گینگسٹر گولڈی ڈھلوں کی جانب سے آن لائن قتل کی دھمکیاں موصول ہوئیں۔رپورٹس کے مطابق اس سے قبل بھی گینگسٹر کی جانب سے ای میلز کے ذریعے امیتابھ بچن کی رہائش گاہ ’’جلسہ‘‘ کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی تھی۔حالیہ سوشل میڈیا پوسٹ میں گولڈی ڈھلوں نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن کو بلٹ پروف کیبن سمیت تمام حفاظتی اقدامات کے باوجود قتل کیا جا سکتا ہے۔
گینگسٹر نے مزید دعویٰ کیا کہ اگر دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے اس کے گروہ کے دو ارکان وکاس ٹھاکر اور دیپک سنگھ کو گرفتار کر لیا ہے تو بھی ان کا مشن جاری رہ سکتا ہے۔ اس نے دعویٰ کیا کہ شہر میں 200 سے زائد افراد احکامات کے منتظر ہیں، جو اس کام کو مکمل کر سکتے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے تاحال سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی اس نئی دھمکی کی تصدیق نہیں کی اور نہ ہی اس حوالے سے تحقیقات شروع کیے جانے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔دوسری جانب امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن کی ٹیم کی جانب سے بھی دھمکیوں کے معاملے پر تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔





