سرکاری کوارٹرز کے مکینوں کا مسئلہ حل کیا جائے۔فاروق ستار

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے معاملے پر جلد از جلد ریفرنڈم کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامی یونٹس کے قیام سے پہلے سرکاری کوارٹرز کے مکینوں کا مسئلہ حل کیا جائے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ جہانگیر روڈ، مارٹن کوارٹرز اور شہر کے دیگر علاقوں میں قیام پاکستان کے بعد سرکاری ملازمین کو رہائش فراہم کی گئی تھی۔ ان سرکاری کوارٹرز میں رہنے والے ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے باوجود بے دخل نہیں کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ سرکاری کوارٹرز میں رہائش پذیر موجودہ اور ریٹائرڈ ملازمین کو مختلف مشکلات کا سامنا ہے، تاہم حکومت نے ان کے مسائل حل کرنے اور داد رسی کی یقین دہانی کرائی ہے۔فاروق ستار کا کہنا تھا کہ اگر ملازمین کو سرکاری کوارٹرز فراہم نہیں کیے جا سکتے تو ان کے لیے اچھی رہائشی سوسائٹی بنا کر مکانات دیے جائیں۔ پانچ ہزار سے زائد ملازمین کا یہ مسئلہ تاحال حل طلب ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرکاری ملازمین کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہائشی حقوق فراہم کیے جائیں اور ان کے لیے مختص رہائشی زمین واپس نہ لی جائے۔ بیواؤں اور یتیم بچوں کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں ہونے دیں گے۔ایم کیو ایم رہنما نے واضح کیا کہ سرکاری کوارٹرز کے مکینوں کو بے دخل نہیں ہونے دیا جائے گا اور نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے قبل ان کے رہائشی مسائل حل کرنا ضروری ہے۔
مزید پڑھیں





