منگل، 17 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ’’اپنا گاؤں پروگرام‘‘ شروع کرنے کا فیصلہ

cm
مصنف:

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے دیہی علاقوں کی ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ’’اپنا گاؤں پروگرام‘‘ شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت دیہات میں ترقیاتی منصوبے کوآپریٹو سوسائٹی ماڈل کے ذریعے مکمل کیے جائیں گے۔


وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے دیہی علاقوں میں سولر اسٹریٹ لائٹس نصب کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ پروگرام کے پہلے مرحلے میں پنجاب کے 485 دیہات میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے کوآپریٹو سوسائٹیز قائم کی جائیں گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 1500 دیہات میں کوآپریٹو سوسائٹیز تشکیل دی جائیں گی۔وزیراعلیٰ نے اپنا گاؤں پروگرام کے باقاعدہ آغاز کے لیے 44 دن کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب میں 29 سال بعد کوآپریٹو سوسائٹیز پر عائد جزوی پابندی اٹھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔کوآپریٹو سوسائٹیز کی نگرانی کے لیے اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی تحصیل مانیٹرنگ کمیٹی قائم کی جائے گی، جس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بھی شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ کوآپریٹو سوسائٹیز کے انتظامی امور چلانے کے لیے بھی 5 رکنی مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔


وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ دیہات کے رہائشی کوآپریٹو سوسائٹیز کے ذریعے اپنے ترقیاتی منصوبوں کے فیصلے خود کر سکیں گے۔ کوآپریٹو سوسائٹی ماڈل کے ذریعے دیہی ترقی کے عمل کو پائیدار اور مؤثر بنانا چاہتے ہیں۔