سابق کرکٹرکی بیٹی ،اداکارہ ایمن سلیم پیپلز پارٹی میں شامل

کراچی: پاکستان کے سابق کرکٹر سلیم یوسف کی صاحبزادی اور معروف اداکارہ ایمن سلیم نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کردیا۔
اداکارہ نے پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کے ہمراہ پریس کانفرنس میں اپنے سیاسی سفر کے آغاز کا اعلان کیا اور پارٹی میں شمولیت کی وجوہات بھی بیان کیں۔ایمن سلیم کا کہنا تھا کہ انہوں نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو سے متاثر ہوکر سیاست میں آنے کا فیصلہ کیا۔ وہ بے نظیر بھٹو کی بہت بڑی مداح رہی ہیں، جنہوں نے انہیں کم عمری میں یہ سبق دیا کہ لڑکی کے خواب چھوٹے نہیں ہوتے اور خوابوں کی کوئی صنف نہیں ہوتی۔اداکارہ نے کہا کہ ملکی سیاست میں قدم رکھنے کا فیصلہ محض سیاسی نہیں بلکہ اپنے عوام سے کیا جانے والا ایک وعدہ ہے۔ وہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے اپنے ملک اور لوگوں کی دل سے، بلا غرض خدمت کرنا چاہتی ہیں۔اس موقع پر ایمن سلیم نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پارٹی کی سینئر رہنما فریال تالپور کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔
پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے ایمن سلیم کی پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اداکارہ کے پیپلز پارٹی کا حصہ بننے کے فیصلے پر خوشی ہے۔ انہوں نے پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں میں ایمن سلیم کی شرکت کا بھی خیرمقدم کیا۔





