جمعرات، 26 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

بنگلہ دیشی اسپیکر حافظ الدین احمد لاہور پہنچ گئے، پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کا دورہ


بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے اسپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم اپنے اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کے ہمراہ لاہور پہنچ گئے ,  جہاں انہوں نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اپنی عسکری تربیت کے ابتدائی ایام کی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ اکیڈمی میں گزارے گئے برسوں نے ان کی شخصیت پر گہرے نقوش چھوڑے ہیں۔


علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا, چو دھری شافع حسین نے کہاکہ بنگلہ دیش کے کسی بھی اسپیکر کا اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کےہمراہ پاکستان آنا پہلا سر کاری دورہ ہےجو دونوں ممالک کےپارلیمانی تعلقات میں ایک تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہےپاکستان اور بنگلہ د یش مشترکہ تاریخ اور ثقافت کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔


پاکستان نیشنل اسمبلی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری خبر کے مطابق بنگلہ دیشی اسپیکر کی اکیڈمی آمد پر کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی لیفٹیننٹ جنرل افتخار حسن چوہدری نے ان کا استقبال کیا دورے کے دوران حافظ الدین احمد کو ا کیڈمی کے تربیتی ماحول کا جائزہ لینے کا موقع ملا۔


اس موقع پر حافظ الدین احمد نے پاکستان آرمی میں اپنے فوجی کیریئر اور پی ایم اے کاکول میں گزارے وقت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اکیڈمی میں تربیت کے ابتدائی سال ان کے لیے ہمیشہ یادگار رہیں گے اور وہ آج بھی ان یادوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ان کے خیالات پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مشترکہ عسکری ورثے اور دیرینہ تعلقات کی عکا سی کرتے ہیں۔


دورہ لاہور کے دوران بنگلہ دیشی اسپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم اپنے پارلیمانی وفد کے ہمراہ پنجاب اسمبلی بھی جا ئیں گے، جہاں وہ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے اہم ملاقات کریں گے۔


بنگلہ دیشی پارلیمانی وفد میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے وزارت خارجہ و رکن پارلیمنٹ جہرات ادیب چودھری، ارکان پارلیمنٹ ہمام قادر چودھری، محمد نذیب الرحمان، نیلوفر چودھری مونی اور ناصر الرحمان شامل ہیں، جبکہ بنگلہ د یشی وزارتِ خارجہ ڈھاکہ کے ڈائریکٹر (ایس اے ٹو) زکریا بن امجد اور اسپیکر کے اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری محمد اکبر حسین بھی وفد کے ہمراہ ہیں۔


بنگلہ دیشی اسپیکر 23 سے 29 نومبر تک پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔ وہ قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صا دق کی دعوت پر پاکستان آئے ہیں۔ یہ دورہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے دوطرفہ تعلقات میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد پارلیمانی تعاون بڑھانا، ادارہ جاتی روابط مضبوط کرنا اور دونوں ملکوں کے منتخب نمائندوں کے در میان باہمی اعتماد اور مفاہمت کو فروغ دینا ہے۔


قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے اس دورے کی دعوت اور انتظامات کے لیے ذاتی طور پر کوششیں کیں، تاکہ دونوں ملکوں کی پارلیمان کے درمیان تعاون اور مستقبل کی شراکت داری کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔