سندھ کی بیٹی کب محفوظ ہوگی؟ تحریر: ایس اے شازِم
نقطہ نظر
ہر سال 25 نومبر کو خواتین پر تشدد کے خاتمے کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ دنیا بھر میں عورت کے حقوق، تحفظ اور مساوات کی بات ہوتی ہے مگر سندھ کی ان بیٹیوں کا کیا جن کی زندگی کے فیصلے آج بھی ان کی اپنی مرضی سے نہیں بلکہ کسی وڈیرے، سردار یا نام نہاد قبائلی جرگے کے حکم سے ہوتے ہیں؟ ان عورتوں کا کیا جنہیں محض شک کی بنیاد پر کارو یا کاری قرار دے دیا جاتا ہے؟ آخر کب تک ہماری بیٹیاں فرسودہ روایات اور وڈیرہ شاہی کی بھینٹ چڑھتی رہیں گی؟
اس میں کوئی شک نہیں سندھ دھرتی صوفیوں، امن، محبت اور رواداری کی سرزمین ہے۔ جیسے شاہ عبداللطیف بھٹائی کی شاعری میں عورت کے کردار، وفا اور استقامت کی بے شمار مثالیں ملتی ہیں لیکن اسی دھرتی پر جب کسی عورت کو اپنی مرضی سے زندگی گزارنے، تعلیم حاصل کرنے یا اپنی پسند کا اظہار کرنے کے جرم میں سزا دی جاتی ہے تو یہ صرف ایک فرد کے ساتھ ظلم نہیں بلکہ سندھ کی تہذیبی شناخت پر بھی ایک سوالیہ نشان ہے۔
ہمارے معاشرے میں وڈیرہ شاہی کا ایک ایسا نظام بھی موجود ہے جہاں بعض بااثر افراد خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔ دیہی علاقوں میں وڈیرہ شاہی نظام اس قدر بد حالی کا شکار ہے کہ بس نہ ہی پوچھیے۔۔! گاؤں کے سردار اپنی خواتین کے چین اور سکھ کے لیے علاقے کی ڈسپینسری کے ڈاکٹر سے لے کر عملے تک کو اس قدر تک ہراس کرتے ہیں کہ وہ مجبوراً گھر پر جا کر انہیں طبی سہولیات فراہم کرتے ہیں۔ میں تو مانتی ہوں کہ اشرف المخلوقات کو مٹی سے تخلیق کیا گیا ہے اور مٹی میں ہی جا کر مٹی ہی ہو جانا ہے تو پھر کیا تکبر؟ کیا وڈیرہ؟ کیا کمیں؟
انہی دیہی علاقوں میں بعض مقامات پر جرگوں اور پنچایتوں کے ذریعے ایسے فیصلے کیے جاتے ہیں جن کا اختیار صرف عدالتوں کو حاصل ہے۔ افسوس ناک بات یہ ہے کہ ان فیصلوں کی زد میں آنے والی اکثر خواتین ہی ہوتی ہیں۔ کہیں انہیں نام نہاد غیرت کے نام پر قتل کر دیا جاتا ہے، کہیں ان کی زندگی کے فیصلے دوسروں کے ہاتھ میں دے دیے جاتے ہیں اور کہیں انہیں خاندانی تنازعات کا معاوضہ بنا دیا جاتا ہے۔
کاروکاری اس معاشرتی بیماری کا ایک بھیانک نام ہے۔ کسی مرد کو کارو اور عورت کو کاری قرار دینے کے لیے اکثر کسی مستند ثبوت، عدالتی کارروائی یا منصفانہ تحقیق کی زحمت بھی گوارا نہیں کی جاتی۔ محض شک، الزام، ذاتی رنجش یا خاندانی دشمنی کسی کی زندگی چھیننے کا جواز بنا دی جاتی ہے۔ سوال یہ ہے کہ کسی عورت کے کردار کا فیصلہ کرنے کا اختیار آخر کس نے دیا؟ کیا کسی سردار یا وڈیرے کے پاس کوئی ایسا پیمانہ ہے جس سے وہ کسی انسان کی عزت اور زندگی کا فیصلہ کر سکے؟
ہمارے ہاں ایک عجیب تضاد پایا جاتا ہے۔ ہم بیٹی کو عزت کا نام دیتے ہیں، مگر اسی بیٹی کو اپنی پسند، تعلیم اور مستقبل کے فیصلوں میں شریک کرنے سے گریز کرتے ہیں۔ ہم بہو سے گھر کے تمام افراد کا خیال رکھنے کی توقع رکھتے ہیں، مگر اس کے جذبات اور ضروریات کو اکثر اہمیت نہیں دیتے۔ ہم بیوی سے وفاداری اور برداشت کا تقاضا کرتے ہیں، مگر خود احترام اور حسنِ سلوک کے تقاضے بھول جاتے ہیں۔
یہاں ایک تلخ حقیقت کو سمجھنا ضروری ہے کہ کاروکاری کے نام پر ہونے والے بعض جرائم میں غیرت محض ایک بہانہ ہوتی ہے، جب کہ پسِ پردہ زمین، جائیداد، خاندانی دشمنی، ذاتی مفادات اور طاقت کا کھیل بھی کارفرما ہو سکتا ہے۔ عورت کو کبھی خاندانی عزت کا مسئلہ بنا دیا جاتا ہے اور کبھی دو خاندانوں کے تنازعے کا بوجھ اس کے کندھوں پر ڈال دیا جاتا ہے۔
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (HRCP) کی رپورٹ ’’اسٹیٹ آف ہیومن رائٹس اِن 2024‘‘ میں سندھ پولیس کے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق 2024ء کے دوران سندھ میں کاروکاری کے 156 مقدمات درج کیے گئے۔ یہ تعداد محض ایک عدد نہیں بلکہ ان خاندانوں کی داستان ہے جن کی زندگیاں اس فرسودہ سوچ کی نذر ہوئیں۔ یاد رہے کہ درج شدہ مقدمات کی تعداد اصل واقعات کی مکمل تصویر نہیں ہوتی، کیونکہ بہت سے واقعات رپورٹ ہی نہیں ہو پاتے۔
اکتوبر 2025ء میں روزنامہ ڈان کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسی سال ستمبر تک سندھ میں کاروکاری کے نام پر 142 افراد قتل کیے جا چکے تھے، جن میں 105 خواتین شامل تھیں۔ یہ اعدادوشمار ہمیں سوچنے پر مجبور کرتے ہیں کہ آخر ہمارے معاشرے میں عورت کی زندگی اتنی ارزاں کیوں ہو چکی ہے؟
یہاں ریاست اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری بھی بہت اہم ہے۔ پاکستان کا آئین ہر شہری کو زندگی، آزادی اور مساوات کا حق دیتا ہے۔ آرٹیکل 9 زندگی اور آزادی کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، جب کہ آرٹیکل 25 قانون کی نظر میں تمام شہریوں کی برابری بیان کرتا ہے۔ اسی طرح پاکستان پینل کوڈ میں غیرت کے نام پر قتل کے خلاف قانونی سزاؤں کی گنجائش موجود ہے۔ سندھ میں گھریلو تشدد کی روک تھام اور متاثرہ افراد کے تحفظ کے لیے 2013ء کا قانون بھی نافذ ہے۔
لیکن سوال یہ ہے کہ جب قانون موجود ہے تو پھر اس پر عمل درآمد میں کمزوری کیوں ہے؟ جب کسی بااثر شخص کے حکم پر کسی عورت کی زندگی خطرے میں پڑتی ہے تو ریاست کی عمل داری کہاں چلی جاتی ہے؟ جب جرگے عدالتوں کے متبادل بننے لگیں تو قانون کی بالادستی کا تصور کیسے قائم رہ سکتا ہے؟
اسلام نے بھی عورت کو عزت و تکریم کا مقام عطا کیا ہے۔ قرآنِ کریم میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
وَعَاشِرُوهُنَّ بِالْمَعْرُوفِ
ترجمہ: ’’اور عورتوں کے ساتھ اچھے طریقے سے زندگی بسر کرو۔‘‘ (سورۃ النساء، آیت 19)
یہ آیت واضح کرتی ہے کہ اسلام میں خواتین کو کتنی اہمیت حاصل ہے۔ پھر کاروکاری کے نام پر قتل کو کس مذہبی یا معاشرتی جواز کے تحت درست قرار دیا جا سکتا ہے؟
میری نظر میں اس مسئلے کا حل صرف مذمتی بیانات اور عالمی دن منانے میں نہیں بلکہ وڈیرہ شاہی کے اس غیر قانونی تسلط کو ختم کرنے میں ہے جو بعض علاقوں میں انسانی حقوق اور قانون کی بالادستی کے راستے میں رکاوٹ بنتا ہے۔ جرگوں کے غیر قانونی فیصلوں کے خلاف مؤثر کارروائی، کاروکاری کے مقدمات کی غیر جانب دارانہ تفتیش، متاثرہ خواتین اور ان کے خاندانوں کا تحفظ، قانونی معاونت اور فوری انصاف وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں تعلیم اور شعور کی فراہمی بھی ناگزیر ہے۔ بیٹی کو تعلیم دینا، اسے اپنے حقوق سے آگاہ کرنا اور اس کے فیصلوں کا احترام کرنا ہی اس سوچ کے خلاف پہلی مضبوط دیوار ہے۔ ہمیں اپنے بیٹوں کو بھی یہ سکھانا ہوگا کہ عورت کوئی ملکیت نہیں جس پر اختیار جتایا جائے، بلکہ وہ ایک مکمل انسان ہے جس کی اپنی عزت، مرضی اور حقوق ہیں۔
آخر میں میں سندھ کی ان تمام بیٹیوں کے چند سوال چھوڑنا چاہتی ہوں جن کی آواز وڈیرہ شاہی کے شور میں اکثر دب جاتی ہے:
کیا اس دھرتی کی بیٹی کو اپنے ہی وطن میں عزت اور تحفظ کے ساتھ جینے کا حق حاصل نہیں؟
کیا ہم واقعی ایک مہذب معاشرہ ہیں جہاں کسی عورت کی زندگی کا فیصلہ عدالت کے بجائے کسی جرگے میں کیا جاتا ہے؟ کیا ہماری غیرت اتنی کمزور ہے کہ اسے بچانے کے لیے کسی بیٹی کی زندگی قربان کرنا پڑتی ہے؟
اب وقت آ گیا ہے کہ ہم کاروکاری کو روایت نہیں، جرم سمجھیں؛ وڈیرہ سسٹم کو انصاف کا متبادل نہیں بلکہ قانون کی بالادستی کے لیے ایک چیلنج سمجھیں اور عورت کو خاموش رہنے کا مشورہ دینے کے بجائے اس کی آواز بنیں۔ کیونکہ غیرت کسی کی جان لینے میں نہیں، کسی کی جان بچانے میں ہے۔ اور جس معاشرے میں عورت کو انصاف نہیں ملتا، وہاں انصاف کے تمام دعوے بے معنی ہو جاتے ہیں۔ آخر میں صرف اتنا کہنا چاہوں گی کہ عورت کو تحفظ فراہم کرنا کسی پر احسان نہیں، بلکہ ایک مہذب معاشرے کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ ہمیں ایسی دنیا تشکیل دینی ہے جہاں بیٹی کو خوف کے بجائے اعتماد ملے، بہن کو پابندیوں کے بجائے احترام ملے اور بیوی کو خاموشی کے بجائے اپنی بات کہنے کا حق حاصل ہو۔
مزید پڑھیں





