جمعرات، 26 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

لاہور میں داخلہ ممنوع ، پہلے اپنی بے گناہی ثابت کریں،تحریر:سید ضیغم حسن عابدی

نقطہ نظر
zaigham abidi syed

آپ کراچی سے لاہور، لاہور سے ملتان اور لاہور سے اسلام آباد کا سفر کر لیجیے۔ کئی سو کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے آپ مختلف شہروں سے گزریں گے، آپ کی گاڑی معمول کے مطابق چلتی رہے گی، لیکن جونہی آپ لاہور میں داخل ہوں گے تو اچانک آپ کو احساس ہونے لگے گا کہ آپ کسی شہر میں نہیں بلکہ کسی ایسی جیل میں داخل ہو رہے ہیں جہاں ہر آنے والے کو پہلے اپنی بے گناہی ثابت کرنا ضروری ہے۔ شناختی کارڈ نکالیے، موبائل دکھائیے، جیبیں خالی کیجیے، کریمنل ریکارڈ چیک کروائیے، گاڑی کی تلاشی دیجیے اور پھر پولیس اہلکار کے اطمینان کے بعد آگے بڑھنے کی اجازت حاصل کیجیے۔ سوال یہ ہے کہ آخر لاہور میں داخل ہونے والا ہر شخص مشکوک کیوں ہے؟ کیا اس شہر کی حدود میں قدم رکھتے ہی ایک عام شہری کی شہریت، عزت اور آزادی کی کوئی حیثیت باقی نہیں رہتی؟


سیکیورٹی یقیناً ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ دہشت گردی کا خطرہ حقیقی ہے، جرائم کی روک تھام ضروری ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اپنا کام بھی کرنا چاہیے، لیکن سیکیورٹی اور شہریوں کو خوفزدہ کرنے میں ایک باریک فرق ہوتا ہے۔ ریاست کا کام شہری کو تحفظ کا احساس دلانا ہے، اسے ہر ناکے پر مجرموں کی طرح کھڑا کرنا نہیں۔ اگر کسی مخصوص شخص یا گاڑی کے متعلق معلومات موجود ہیں تو اس کی تلاشی لیجیے، قانون کے مطابق کارروائی کیجیے، مگر پورے شہر میں داخل ہونے والے ہر شخص کو ایک ہی ترازو میں تولنا کون سی دانش مندی ہے؟ کیا ہم نے سیکیورٹی کا مطلب ہی یہ سمجھ لیا ہے کہ شہری کو اس کی اپنی سرزمین پر مشکوک بنا کر کھڑا کر دیا جائے؟


سوشل میڈیا پر متعدد شہری اپنی ویڈیوز شیئر کر رہے ہیں۔ کوئی شناختی کارڈ دکھا رہا ہے، کوئی موبائل کی جانچ پر پریشان ہے اور کوئی اپنی جیبوں کی تلاشی کے دوران یہ سوال اٹھا رہا ہے کہ آخر اس کا قصور کیا ہے؟ ان ویڈیوز میں صرف پولیس ناکے نہیں دکھائی دیتے بلکہ ایک ایسے شہری کا اضطراب بھی نظر آتا ہے جو اپنے ہی ملک میں سفر کرتے ہوئے خود کو غیر محفوظ اور بے اختیار محسوس کر رہا ہے۔ ذرا سوچیے، جس شخص نے سارا دن محنت کرکے اپنے بچوں کے لیے روزی کمائی، جو کسی کام سے لاہور آیا ہے، جس کا اس شہر میں کوئی جرم نہیں، اسے بار بار اس انداز میں روکا جائے جیسے وہ کسی خطرناک واردات کے بعد فرار ہو رہا ہو تو اس کے ذہن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بارے میں کیا تاثر پیدا ہوگا؟


لاہور میں پولیس کے محکموں اور فورسز کی ایک طویل فہرست ہے۔ تھانہ پولیس، ڈولفن فورس، پیرو فورس، سی سی ڈی، سی ٹی ڈی، پیرا فورس، محافظ فورس، ٹریفک پولیس اور جانے کون کون سے نام اور وردیاں۔ ایک عام شہری صبح گھر سے نکلتا ہے تو اسے یہ معلوم نہیں ہوتا کہ آج کس محکمے کے کس اہلکار سے واسطہ پڑنے والا ہے۔ ہر ادارے کا اپنا دائرہ کار، اپنی گاڑی، اپنا عملہ، اپنے اخراجات اور اپنا انتظامی ڈھانچہ ہے۔ سوال یہ نہیں کہ ان میں سے کون سا ادارہ ضروری ہے، سوال یہ ہے کہ ان تمام اداروں کے باوجود شہری کو تحفظ کا احساس کیوں نہیں مل رہا؟ اگر اتنی بڑی پولیس مشینری کے بعد بھی ایک عام آدمی خوف کے ساتھ سڑک پر نکلتا ہے تو پھر اس مشینری کی کارکردگی کا آڈٹ کون کرے گا؟


ریاستی اداروں کی تعداد بڑھانا حکمرانی کی کامیابی نہیں ہوتی۔ اصل کامیابی یہ ہے کہ موجود وسائل کو کتنی ذہانت اور ذمہ داری سے استعمال کیا جا رہا ہے۔ ہر مسئلے کا حل ایک نیا محکمہ، نئی فورس، نئی وردی اور نئی گاڑی نہیں ہوتا۔ اس منطق پر تو کل کو ہر محلے کے لیے الگ پولیس فورس اور ہر سڑک کے لیے الگ کمانڈ قائم کرنا پڑے گی۔ آخر یہ سب کچھ کس کے پیسے سے چلتا ہے؟ اسی عوام کے ٹیکس سے جسے سڑک پر روک کر اس کی تلاشی لی جا رہی ہے۔ پھر جب سرکاری خزانے پر بوجھ بڑھتا ہے، اخراجات پورے نہیں ہوتے، تنخواہوں اور وسائل کے لیے فنڈز کم پڑتے ہیں تو بدعنوانی اور رشوت ستانی کے راستے کھلنے لگتے ہیں۔ یہ کہنا درست نہیں کہ ہر اہلکار رشوت لیتا ہے، لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ جب اختیارات کا بے جا استعمال، غیر ضروری ناکے اور جواب دہی کا فقدان ایک نظام کا حصہ بن جائیں تو عام شہری کے لیے شکایت اور داد رسی دونوں مشکل ہو جاتے ہیں۔


سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ ہمارے ہاں پولیس اور عوام کے تعلق کو آج بھی حاکم اور محکوم کے تعلق سے باہر نہیں نکالا جا سکا۔ پولیس اہلکار کو یہ احساس دلانے کی ضرورت ہے کہ وردی اسے شہری کی تذلیل کا اختیار نہیں دیتی بلکہ اس پر شہری کی عزت اور جان کی حفاظت کی ذمہ داری عائد کرتی ہے۔ ایک باوقار ریاست میں پولیس کو دیکھ کر مجرم خوفزدہ ہوتا ہے، عام شہری نہیں۔ اگر ایک بے گناہ آدمی پولیس کی گاڑی دیکھ کر راستہ بدلنے لگے، ناکہ دیکھ کر دل میں خوف محسوس کرے اور وردی والے کو دیکھ کر اپنی جیبیں ٹٹولنے لگے تو یہ محض پولیسنگ کا مسئلہ نہیں، پورے نظامِ حکمرانی کی ناکامی ہے۔


حکومت پنجاب اور متعلقہ اداروں کو یہ سمجھنا ہوگا کہ لاہور کوئی فوجی چھاؤنی نہیں جہاں ہر داخلی راستے پر شہریوں سے وفاداری اور بے گناہی کا سرٹیفکیٹ طلب کیا جائے۔ سیکیورٹی کے نام پر شہری آزادیوں کو غیر ضروری طور پر محدود کرنا کسی کامیاب انتظامیہ کی علامت نہیں۔ ناکوں کی تعداد گننے کے بجائے ان کی ضرورت، قانونی جواز، طریقۂ کار اور نتائج کا جائزہ لیا جائے۔ شہریوں کی تلاشی کے واضح ضابطے بنائے جائیں، غیر ضروری موبائل چیکنگ روکی جائے اور کسی بھی اہلکار کو یہ حق نہ دیا جائے کہ وہ اپنی مرضی کو قانون سمجھنے لگے۔


آخر میں ایک سوال ان ایوانوں میں بیٹھے ان لوگوں سے بھی ہے جو ہر روز عوام کے تحفظ کے دعوے کرتے ہیں: آپ کس کے لیے حکومت کر رہے ہیں؟ اس شہری کے لیے جو آپ کو ٹیکس دیتا ہے، آپ کے اداروں کے اخراجات اٹھاتا ہے اور آپ سے تحفظ کی امید رکھتا ہے، یا اس نظام کے لیے جس میں شہری کو ہر موڑ پر اپنی عزت، وقت اور آزادی کی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے؟ یاد رکھیے، پولیس کی طاقت ناکوں کی تعداد سے نہیں بلکہ عوام کے اعتماد سے ناپی جاتی ہے۔ جس دن شہری وردی کو محافظ کے بجائے خوف کی علامت سمجھنے لگے، اس دن سمجھ لیجیے گا کہ مسئلہ صرف سڑکوں پر نہیں، ریاست کے تصور میں پیدا ہو چکا ہے۔