ورلڈ کپ اسنوکر :پاکستان نے سنگلز سیمی فائنل کی 4 میں سے 3 نشستیں اپنے نام کر لیں

اومان کے دارالحکومت مسقط میں جاری ورلڈ کپ اسنوکر کے مینز سنگلز ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے سیمی فائنل کی 4 میں سے 3 نشستیں اپنے نام کر لیں-
قومی کیوئسٹس محمد آصف، رانا عرفان اور اسجد اقبال نے اپنے اپنے کوارٹر فائنل مقابلے جیت کر اگلے مرحلے میں قدم رکھ دیا، جبکہ چوتھے پاکستانی کھلاڑی مبشر رضا کو ہم وطن رانا عرفان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پہلے کوارٹر فائنل میںکھلاڑی محمد آصف نے انگلینڈ کے ہاروے چینڈلر کو باآسانی 1-4 فریمز سے آؤٹ کلاس کیا، محمد آصف نے ابتدائی تینوں فریمز جیت کر 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کی، اگرچہ انگلش کھلاڑی نے چوتھے فریم میں 99 کی عمدہ بریک کھیل کر مقابلہ میں واپسی کی کوشش کی، تاہم محمد آصف نے پانچواں فریم جیت کر فتح یقینی بنا لی،ان کی جیت کا اسکور 95-0، 58-1، 71-57، 11-99 اور 64-0 رہا۔
دوسرے کوارٹر فائنل میں 2 پاکستانی کھلاڑی آمنے سامنے آئے، جہاں رانا عرفان نے مبشر رضا کو 1-4 سے ہرا کر سیمی فائنل کا ٹکٹ کٹایا۔ مبشر رضا نے پہلے فریم میں 66 کی بریک کے ساتھ برتری حاصل کی، لیکن اس کے بعد رانا عرفان نے شاندار کھیل پیش کرتےہوئے مسلسل 4 فریمز جیت لیے رانا عرفان نےتیسرے فریم میں 105 کی دلکش سنچری بریک اورپانچو یں فریم میں 77 کی بریک کھیلی میچ کا اسکور 28-82، 70-24، 105-0، 76-1 اور 77-0 رہا۔
تیسرے کوارٹر فائنل میں پاکستان کے اسجد اقبال نے ایران کے عامر سرکوش کے خلاف 2 فریمز سے پیچھے رہنے کے بعد زبر دست کم بیک کیا اور مقابلہ 2-4 سے جیت لیا۔ ابتدائی 2 فریمز ہارنے کے بعد اسجد اقبال نے حریف کھلاڑی کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا اورلگاتار 4 فریمز جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ انہوں نے آخری 2 فریمز میں بالترتیب 83 اور 88 کی شاندار بریکس کھیلیں۔ ان کی فتح کا فریم اسکور 52-56، 4-90، 57-46، 68-54، 98-44 اور 88-0 رہا۔
3 پاکستانی کھلاڑیوں کی سیمی فائنل میں رسائی کے بعد ٹائٹل کی دوڑ میں پاکستان کی پوزیشن انتہائی مضبوط ہو گئی ہے اور اب فائنل میں دونوں پاکستانی کھلاڑیوں کے مدمقابل آنے کا امکان بھی روشن ہے ایونٹ کے سیمی فائنلز اور فائنل مقابلے جمعرات کے روز کھیلے جائیں گے۔
مزید پڑھیں





